بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ،دونوں ممالک کوکئی یکساں چیلنجز کا سامنا ہے،وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، دونوں ممالک کے درمیان جذباتی تعلق بہت گہرا ہے۔ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے۔
انقرہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ایوان صدر میں ملاقات کی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں ترک صدر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی امور پر بات چیت ہوئی، مختلف فورمز پر پاکستان اور ترکی یکساں مؤقف رکھتے ہیں، دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحری جہازوں کی تیاری میں پاکستان کو ہرممکن تعاون فراہم کررہے ہیں، عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکر گزار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پُرتپاک استقبال پر ترک قيادت کے شکر گزار ہيں، ترک قيادت سے مختلف شعبوں میں مذاکرات ہوئے، ترک صدر سے ملاقات انتہائی مثبت رہی، پاک، ترک اعلیٰ قيادت کی اگلی ملاقات ستمبر ميں اسلام آباد میں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ای کامرس، ٹور ازم، تعلیم کے شعبوں ميں ترکی نے زبردست ترقی کی پاکستان اور ترکی کو کئی يکساں چیلنجز کا سامنا ہے، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ترکی پاکستان کے دوسرے گھر جیسا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں، رواں سال دونوں برادر ملک سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منارہے ہیں اور پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کی قیادت، عوام اور افواج گہری قربت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت کےدرمیان آئندہ ملاقات ستمبر میں اسلام آباد میں ہوگی ہم ستمبر میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
قبل ازیں ترک صدر رجب طیب اردوان نے ترک صدارتی محل میں وزیر اعظم شہباز شریف کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔
صدارتی محل میں منعقد ہ استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے کی دھنیں بجائی گئی اور وزیر اعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا تعارف کرایا۔