بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پی ٹی آئی کے 131مستعفی ارکان کابجٹ وزارت خزانہ کوواپس کردیاگیا

اسلام آباد(محمداکرم عابد) قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے مستعفی ارکان کی تنخواہوںکا بجٹ سرنڈرکردیا،قومی اسمبلی کے نئے مالی سال 23۔2022 کے بجٹ کی تیاری شروع کردی گئی، ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے131مستعفی ارکان کی تنخواہوں اور دیگر مراعات سے متعلق بجٹ وزارت خزانہ کو واپس کردیا ۔ ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں نئے مالی سال میں قومی اسمبلی کے موجودہ ارکان کی تنخواہوں، سفری وطبی اخراجات و دیگر مراعات سے متعلق اخراجات کا تخمینہ تیارکیا جارہا ہے ۔اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے قانون مالیات انتظامی شعبوںکے حکام کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔قومی اسمبلی کے مجموعی اخراجات کے ورکنگ پیپرکی دستاویزات تیارکی جارہی ہیں،جو منظوری کیلئے باقاعدہ طورپرسپیکرقومی اسمبلی کو پیش کی جائیں گی اور اسمبلی کے بجٹ کو حتمی شکل دیتے ہوئے وزارت خزانہ کو بھیج دیا جائے گا۔ سیکرٹریٹ کی جانب سے مستعفی ارکان کی تنخواہوںکا بجٹ فی الحال سرنڈرکرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ رواں ماہ مستعفی ارکان کی قومی اسمبلی میں واپسی کی صورت میں ان کی تنخواہوں ،واجبات اور دیگر مراعات کے حوالے سے رقوم کے اجرا کیلئے وزارت خزانہ کو ہنگامی طور پرخط لکھا جائے گا ۔