کراچی (ویب ڈیسک) پی آئی اے کی دبئی جانے والی پرواز میں ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی جب طیارہ اچانک 26 ہزار فٹ نیچے آ گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق، پرواز PK-213 جو رات 2 بج کر 5 منٹ پر کراچی سے دبئی روانہ ہوئی تھی، کو مسقط کے قریب ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک گھنٹے بعد طیارہ مسقط پہنچا تو ہائیڈرالک سسٹم میں خرابی کے باعث طیارہ 6 منٹ میں 26 ہزار فٹ نیچے آگیا، جس پر پائلٹ نے فوری طور پر ایمرجنسی کا اعلان کیا۔ترجمان نے بتایا کہ طیارہ 10 ہزار فٹ کی بلندی پر آیا تو پائلٹ نے مسقط کے اے ٹی سی اور ریڈار سے مدد طلب کی۔ پائلٹ نے اپنی مہارت سے طیارے کے ہائیڈرالک سسٹم کی خرابی کو دور کیا اور تقریباً ایک گھنٹے تک نچلی سطح پر پرواز کرنے کے بعد دبئی پہنچنے میں کامیاب ہو گیا۔دبئی ایئرپورٹ پر طیارے کا معائنہ کیا گیا اور بعد ازاں اسے اگلی پرواز کے لیے روانہ کیا گیا۔ ایئر بس A320 طیارہ دبئی سے اسلام آباد اور پھر اسکردو کے لیے پرواز کر گیا۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ انتظامی مسائل کی وجہ سے پی آئی اے کو طیاروں کے پرزوں کی کمی کا سامنا ہے۔
قومی ائیرلائن کی دبئی کی پرواز میں ایمرجنسی، جہاز اچانک 26 ہزار فٹ نیچے آ گیا







