اسلام آباد(طارق محمودسمیر)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کااہم اجلاس شروع ہوگیا،سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے بعدسب سے اہم خطاب امریکی صدر جو بائیڈن کاتھاجس میں انہوں نے عالمی حالات بالخصوص مشرق وسطیٰ ،اسرائیل فلسطین تنازع اور یوکرین کی جنگ پر امریکہ کا موقف پیش کیا،امریکی صدرنے جہاں غزہ میں جنگ بندی کو وقت کاتقاضاقراردیاوہیں انہوں نے اسرائیل کے حق میں بھی بات کی ،بدقسمتی سے عالمی طاقت ہونے کے باعث امریکہ نے ہمیشہ بعض عالمی تنازعات کو حل کرانے کی بجائیاسرائیل کو نہ صرف اسلحہ اور دیگروسائل دیئے بلکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کئی مرتبہ فلسطین اور مسئلہ کشمیرکے حق میں پیش کی گئی قراردادوں کوویٹو کیا،سات اکتوبر2023کوحماس کی طرف سے اسرائیل پر بمباری اور گوریلہ حملوں کے بعد اسرائیل کے نہ ختم ہونے والے مظالم کا سلسلہ جاری ہے،ان مظالم میں چالیس ہزار سے زائدمظلوم فلسطینی شہیدہوچکے ہیں ،نہ تو ان کے پاس خوراک ہے نہ ہی طبی سہولتیں مل رہی ہیں گوکہ امریکی صدر نے اپنے خطاب میں فلسطین کے مسئلے کے حل پربھی بات کی اور کہاکہ مسئلہ فلسطین کادوریاستی حل ہے،ہوناتو یہ چاہئے تھاکہ امریکی صدرکی اپنی سیاسی مجبوریوں کے باعث اسرائیل کی کھل کر مخالفت نہیں کرسکتے تو کم ازکم فوری جنگ بندی اور حال ہی میں لبنان پر کئے گئے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ۔وزیراعظم شہبازشریف اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیویارک پہنچ چکے ہیں اور انہوں نے بھی امریکی صدر کی تقریرتوجہ سے سنی،پاکستان کاہرلیڈراقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ فلسطین وکشمیرکے حل کی بات کرتاآیاہے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کو بھی اجاگرکیاگیالیکن اس مرتبہ میری معلومات کیمطابق وزیراعظم شہبازشریف کی موثر اور سخت تقریرتیارکی گئی ہے جس میں وہ غزہ میں اسرائیلی مظالم کے خلاف ڈٹ کربولیں گے اور فلسطینیوں کوحقوق دینے کی بات کریں گے ساتھ ہی وہ جنوبی ایشیاء کی صورتحال بالخصوص مسئلہ کشمیرکو زورداراندازمیں اٹھائیں گے ،مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے پانچ اگست 2019 کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتیہوئے آرٹیکل 370کے خاتمے پر بھی بات کریں گے ،میں ذاتی طورپر بہت مرتبہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی کوریج کرچکاہوں اور اس سال ہونے والے اجلاس میں روس یوکرین تنازع ،اسرائیل فلسطین جنگ اہم موضوعات ہیں ،بے نظیربھٹو شہیدہوں ،نوازشریف ہوں یاعمران خان اور دیگرحکمران ،سب نے ہمیشہ اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیراور مسئلہ فلسطین پر بات کی ہے ماضی کے اہم چار خطاب جن کا میں عینی شاہدہوں وہ بہت موثر تھے جن میں بے نظیربھٹو اورجنرل پرویزمشرف نے پراثرخطاب کیاتھا اس کے بعد جب مقبوضہ کشمیرمیں 2015 میں نوجوان حریت رہنما برہان الدین وانی کو شہیدکیاگیاتو سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے پہلی بارجس کشمیری رہنما کانام لیاتھاوہ برہان وانی ہی تھے ،جس پر بھارتی میڈیانے چیخ وپکار کی تھی اور حریت کانفرنس نے نوازشریف کے خطاب کر سراہاتھااگر یہاں سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اسلاموفوبیاکے حوالے سے خطاب کو دیکھاجائے تووہ بھی بہت متاثرکن تھا اور بانی پی ٹی آئی کو اس خطاب پر دادبھی ملی تھی ،وزیراعظم شہبازشریف کے اقوام متحدہ میں 27ستمبرکو خطاب کے موقع پر تحریک انصاف کے حامیوں نے احتجاج کا پروگرام بنارکھاہے جب کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے بھی وزیراعظم کے حق میں ایک ریلی کاپروگرام بنایاہے دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مود ی کے خطاب کے موقع پر خالصتان کی سکھ تنظیموں نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرکے باہرایک بڑے احتجاجی مظاہرے کا پروگرام تشکیل دیاہے۔
UN:بائیڈن کا اسرائیلی مظالم کی مذمت سے گریز







