رجسٹرار سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں سے متعلق کیس کے معاملے میں ابہام دور کرنے والے آرڈر سے متعلق رپورٹ چیف جسٹس کو بھجوا دی ۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے رجسٹرار سے 9 سوالات پوچھے تھے جو کہ درج ذیل ہیں ۔
پہلا سوال تھا کہ الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کی متفرق درخواستیں کب داخل کی گئیں ؟
دوسرا سوال تھا کہ ججز کمیٹی کے سامنے درخواستیں کیوں پیش کی گئیں ؟
تیسرا سوال تھا کہ درخواستیں سماعت کے لیے کب مقرر ہوئی اور اس بارے کازلسٹ کیوں جاری نہ ہوئی ؟
چوتھا سوال تھا کہ کیا فریقین اور اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کیا گیا ؟
پانچواں سوال تھا کہ کس کورٹ روم یا چیمبر میں کن جج صاحبان نے سماعت کی ؟
چھٹا سوال تھا کہ آرڈر سنانے کے لیے کاز لسٹ کیوں جاری نہ ہوئی ؟
ساتواں سوال تھا کہ حکم نامہ جاری کرنے کے لیے وقت مقرر کیوں نہ کیا گیا ؟
آٹھواں سوال تھا کہ اوریجنل فائل اور اصل حکم نامہ جمع کرائے بغیر ویب سائٹ پر کیسے اپ لوڈ ہوا؟
نواں سوال تھا کہ وضاحتی حکم نامہ سپریم کورٹ ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا حکم کس نے دیا ؟
دوسری جانب رجسٹرار سپریم کورٹ کے جواب کی تفصیلات سامنے آگئیں، نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن اورپی ٹی آئی کی درخواستوں پرکازلسٹ جاری نہیں ہوئی اور نہ ہی کسی کمرہ عدالت میں ان درخواستوں پر سماعت نہیں ہوئی ہے۔
ججزکے کسی چیمبرمیں درخواستوں پربیٹھنے کے بارے معلومات نہیں اور نہ ہی ویب سائٹ پر اپ لوڈ ہونے سے پہلے فائل رجسڑار آفس کو بھجوائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ چند دن قبل سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ نے مخصوص نشستوں کےکیس میں الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر وضاحت میں کہا تھا کہ 12 جولائی کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔ کہ سپریم کورٹ کا 12 جولائی کا شارٹ آرڈر بہت واضح ہے۔
اکثریتی ججز نے لکھا کہا تھا الیکشن کمیشن نے اس حکم کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنایا ہے جب کہ فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے۔







