نیویارک (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ جاری رکھنے کی جرات امریکہ کی حمایت کی وجہ سے حاصل کی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکی حمایت جاری رہی تو اسرائیلی حملے بھی بڑھتے رہیں گے۔ محمود عباس نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک، امریکہ، نے سلامتی کونسل میں تین بار غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد کو روک دیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو کی حمایت میں آبادکاروں کے دہشت گرد گروہ فلسطینی زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں اور ہم کسی بھی صورت میں اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے۔ عباس نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف پابندیاں عائد کرے۔
اجلاس کے دوران، وزیراعظم شہباز شریف نے بھی فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ محمود عباس نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نے قیام پاکستان کے وقت سے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی مدد کی ہے اور عالمی فورمز پر بھی ان کی حمایت جاری رکھی ہے۔









