لاہور(نیوز ڈیسک)سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب سے تھائی یونین کے وفد نے ملاقات کی، جس میں شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ پنجاب کی بنجر زمینیں آباد ہوں اور جدید فارمنگ سے زراعت میں ترقی حاصل کی جائے۔
مریم اورنگزیب نے شرمپ فارمنگ کو صوبے کی زراعت کو جدید بنانے اور فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے انقلابی وژن کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شرمپ فارمنگ کے آغاز سے ایک ارب ڈالر زرمبادلہ کمانے کے علاوہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 100 ایکڑ پر 100 ٹن شرمپ فارمنگ کا آغاز کیا جائے گا، اور اکتوبر میں جھینگے کی پہلی پیداوار حاصل ہوگی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت زرعی تحقیق و ترقی کے منصوبے پر ساڑھے 8 ارب روپے سے عمل درآمد کرے گی اور کسانوں کو ہنر مندی اور بلاسود قرض فراہم کیے جائیں گے۔
ملاقات کے دوران شرمپ فارمنگ کے آغاز، ہیچریز، ریسرچ، ایکسپورٹ، اور مقامی کسانوں کی تربیت کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مریم اورنگزیب نے تھائی وفد اور راوا کا تکنیکی معاونت فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ شرمپ فارمنگ کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو مراعات دی جائیں گی اور مقامی آبادی کو روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔







