اسلام آباد(صغیر چوہدری )عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے اور پاکستان کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والے آئی پی پیز مالکان کا بڑا فراڈ بے نقاب، ٹاسک فورس کی تیار کردہ چارج شیٹ میں آئی پی پیز کے جعلی معاہدوں کا انکشاف،متعدد بے نامی نکلے، جعلی رسیدیں اور بل بنا کر اب تک کھربوں روپے لوٹے گئے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی پی پیز کے خلاف چھان بین کرنے والی ٹاسک فورس نے مکمل ثبوتوں کے ساتھ با اثر مافیا کے خلاف چارج شیٹ تیار کی ہے، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کی سربراہی میں ٹاسک فورس نے تحقیقات کا پہلا فیز مکمل کرلیا ، لیفٹیننٹ جنرل ظفر اقبال ٹاسک فورس میں بطور نگران ممبر جب کہ سابق وزیر توانائی محمد علی بطور معاون شامل ہیں ، اکاونٹس، آڈٹ،وزارت پانی بجلی،ایف بی آر کے نمائندوں اور دیگرشعبوں کے ماہرین کو بھی ٹاس فورس کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ ٹاسک فورس کے ٹی او آرز کے مطابق اسے ایک ماہ کا،وقت دیا گیا تھا جس نے اس مدت میں تحقیقات اور چھان بین کے ساتھ ساتھ اپنی سفارشات پر عملدرآمد بھی کروانا ہے حکومت کی آئی پی پیز کے خلاف سامنے آنے والی چارج شیٹ کے مطابق آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے تضادات سے بھرپور نکلے ہیں چارج شیٹ میں انکشاف کیا گیا کہ آئی پی پیز نے بجلی فراہم نہ کر کے بھی بھاری رقوم حاصل کیں جبکہ متعدد آئی پی پیز بے نامی ہیں اور ان آئی پی پیز کی ٹیکنالوجی بھی معاہدوں کے مطابق نہیں ہے ،متعدد آئی پی پیزکا پلانٹ فیکٹر معاہدوں سے یکسر مختلف ہے ،جبکہ بعض آئی پی پیز فرانزک آڈٹ سے بھی گریزاں ہیں۔
اس کے علاوہ آئی پی پیز اوور انوائسنگ میں ملوث نکلی ہیں اور ان آئی پی پیز نےخلاف قانون بھاری مراعات بھی حاصل کی ہیں، حیرت انگیز طور پر ان آئی پی پیزکو ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کھلی چھوٹ دی ، ٹیکس چھوٹ اور ٹیکس چوری کی مدمیں آئی پی پیز نے 1200 ارب روپے حاصل کئے۔ 1994کے آئی پی پیز کی شرط تھی کہ ان کا ٹیرف 5روپے 91پیسے سے تجاوز نہیں کرے گا ۔آئی پی پیز کی جانب سے سرمائے ،منافع اور بجلی کی فروخت کی رسیدیں بھی مشکوک پائی گئی ہیں۔ ٹاسک فورس کی چارج شیٹ میں یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ متعدد آئی پی پیز نے غلط معلومات فراہم کر کے معاہدوں میں تبدیلیاں کرائیں اور بعض بااثر آئی پی پیز مالکان مقررہ منافع سے زائد کیپسٹی پیمنٹ لیتے رہے ہیں ، مقامی کمپنیوں نے سرمائے کو کئی گنا بڑھانے کے لئے بیرون ملک کے ایڈریس دئیےگئے، بعض غیر ملکی بااثر افراد کو آئی پی پیز کا پارٹنرز بنایا گیاآئی پی پیز نے 2013سے 2023تک 8ہزار ارب روپے کی کیپسٹی پیمنٹ وصول کی ۔1994سےاب تک آئی پی پیز 15ہزار ارب سے زائد کیپسٹی پیمنٹ وصول کر چکے ہیں ۔بعض آئی پی پیز نے حکومت کو معاہدوں پر نظر ثانی کے بجائے بین الاقوامی ثالثی عدالتوں میں چیلنج کرنے کی دھمکی دے دی۔ ٹاسک فورس چارج شیٹ میں بتایا گیا کہ 96 میں سے صرف 5آئی پی پیز نے رضا کارانہ طور پر نرخ اور منافع کی شرح کم کرنے کا عندیہ دیا ،13 آئی پی پیز کے مالکان کو طلب کرکے چھان بین کی تھی جبکہ فرانزک آڈٹ کا تمام آئی پی پیز مالکان نے انکار کیا ۔
آئی پی پیز مالکان کھربوں کے فراڈ میں ملوث نکلے، ٹاسک فورس کی چارج شیٹ تیار







