بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسرائیل کا تازہ وار، دیگر مسلم ممالک کیلئے بھی خطرہ

اسلام آباد (طارق محمود سمیر) اسرائیل کے خلاف ایک بڑی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو اسرائیل نے لبنان میں ان کے خفیہ ٹھکانے پر حملہکر کے شہید کردیا ہے ،7اکتوبر2023سے جب سے حماس نے اسرائیل پر گوریلا حملے کئے تھے ،اسرائیلی مظالم کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ جاری ہے ، پہلے غزہ میں خون کی ندیاں بہائی گئیں اور حالیہ چند دنوں میں لبنان میں حملے کر کے ہزاروں شہریوں کو شہید کیا گیا ،اسرائیل نے چند روز قبل ایک منصوبہ بندی کے تحت حسن نصراللہ کو راستے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا اور اس مقصد کیلئے اسے امریکا کی تائید حاصل تھی ،اس سے پہلے ایران میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو بھی ایک میزائل حملے میں شہید کیا گیا ،ایران کی طرف سے اس وقت کہا گیا اس حملے کا بھرپور جواب دیا جائیگا لیکن ابھی تک ایران اسرائیل کو کوئی موثر جواب دینے میں کامیاب نہیں ہوا، جب اسرائیل نے اس بات کا اندازہ لگالیا کہ غزہ میں حماس کو کمزورکردیا گیا ہے اور اس کی مرکزی قیادت شہید ہوچکی ہے تو اس نے لبنان کا رخ کیا اور حزب اللہ کو نشانے پر لیا ، بعض تجزیہ نگاروں کی رائے ہے کہ جب حماس نے اسرائیل پر حملہ کیا تھا تو اس وقت ایرانی قیادت سے مشاورت کے بعد حزب اللہ نے حماس کیساتھ مل کر اسرائیل پر حملے کرنے سے انکار کیا تھا ،اگر اس وقت حماس اور لبنان ایک ساتھ اسرائیل پر وار کرتے تو شاید آج یہ دن نہ دیکھنے پڑتے ، افسوسناک امر یہ ہے کہ امریکا اور دیگر عالمی قوتیں اسرائیل کو مظالم سے روکنے میں ناکام ہوچکی ہیں بلکہ امریکا تو اسرائیل کا مکمل ساتھ دے رہا ہے جو میزائل اور اسلحہ استعمال کیا جارہا ہے وہ بھی امریکا کا ہے ، وسائل بھی امریکا کے ہیں اور امریکا میں حالیہ صدارتی الیکشن کے باعث دونوں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور کمیلا ہیرس غزہ کے مظلوموں کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیل کا ساتھ دے رہے ہیں جس سے اس بات کا بخوبی اندازہ لگایاجاسکتا ہے کہ امریکا کے اندر اسرائیلی لابی کتنی مضبوط ہے ، گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان شہبازشریف کے موثر اور سخت خطاب کے بعد اسرائیلی وزیراعظم تقریر کرنے آئے تو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہال سے پاکستان ، ایران ،ترکیہ اور دیگر اسلامی ممالک کے وفود اور سفارتکار احتجاجاً واک آئوٹ کرگئے ،کانفرنس ہال میں امریکا ،بھارت اور دیگر چند ممالک کے وفود بیٹھے رہے ،وزیراعظم شہبازشریف نے اپنی تقریر میں عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی کوشش کی مگر اسرائیل یہ سمجھتا ہے کہ وہ حسن نصراللہ جیسے اہم رہنما کو نشانہ بنا کر فلسطین کی آزادی کی تحریک کو مکمل طور پر ختم کردے گا تو یہ اس کی غلط فہمی ہے ، ظلم نے ایک دن تو ختم ہونا ہے اور فلسطین نے آزاد ہونا ہے ،اس واقعہ کے بعد مشرق وسطیٰ میں حالات بہت خراب ہوگئے ہیں اور ایسے محسوس ہوتا ہے کہ اب یہ جنگ محدود نہیں رہے گی کیونکہ اسرائیلی وار کے بعد خطے کے دیگر ممالک کیلئے بھی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں ، ایرانی حکومت کا ردعمل کیا ہوگا یہ تو آنے والا وقت ہی بتائے گا کیونکہ یہ اعلان کیا گیا ہے کہ حسن نصر اللہ کا بدلہ لیا جائیگا۔