اسلام آباد : وزیر اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑنے کہاہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا گالی سے اب گولی پر آگئے ہیں، اس سے وہ اپنا نقصان کریں گے، کسی اور کا نہیں ، اسلام آباد اور پنجاب پر لشکرکشی کی دھمکی 9 مئی دوہرانے کا اعلان ہے
وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا کے گولی چلانے کے بیان پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑنے کہاکہ گولی چلانے اور لاشیں گرانے کا وزیراعلی خیبرپختون خوا کا بیان ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے کہ وہ کے پی حکومت چلانے کے قابل نہیں ، پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کا کوئی بیان، کوئی اقدام اور کوئی رویہ جمہوری، سیاسی اور پارلیمانی نہیں ، اِنہوں نے کبھی نہیں کہاکہ ہم تعلیم، صحت، روزگار، معاشی بہتری کے میدانوں میں مقابلہ کریں گے ، انقلاب لانا ہے تو صحت، تعلیم اور عوام کی فلاح بہبود کے منصوبوں کا انقلاب لائیں، کے پی میں کرپشن اور نا اہلی کی انتہا ہو چکی۔
وزیراطلاعات نے کہاکہ اصل مقابلہ یہ تھا کہ وفاق اور وفاق اور پنجاب کی طرح بجلی کے صارفین کو خیبرپختون خوا حکومت اپنے صوبے میں کوئی ریلیف دیتی ، اصل مقابلہ یہ تھا کہ ہسپتال، درس گاہوں کی تعمیر سے عوام کی خدمت کا کوئی ریکارڈ بناتے ۔
انہوں نےکہاکہ صدر شی جن پنگ کے دورے کو دھرنوں سے ناکام بنانے والے اب ایس سی او کے اجلاس کے موقع پر پھر فساد مچانا چاہتے ہیں ، پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پہنچانے والی پی ٹی آئی کو تکلیف ہے کہ پاکستان معاشی بحالی کی راہ پر کیوں چل پڑا ہے ،عوام کو تیز ترین مہنگائی سے تکلیف دینے والوں کو تکلیف ہے کہ مہنگائی 32 فی صد سے 9.6 فی صد پر کیوں آگئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ گالی ، گولی اور بندوق سے مہنگائی کم ہوگی نہ بیروزگاری، گیارہ سال سے خیبرپختون خوا پی ٹی آئی کی لوٹ مار کا اڈہ بنا ہوا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے فلسطینیوں کی حمایت کی اور اسرائیل کو للکارا، پاکستان میں اسرائیلی ایجنٹوں کو اس پر تکلیف ہوگئی ہے







