کراچی: اہلِ غزہ کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے امداد کی دسویں کھیپ روانہ کر دی گئی۔
پاکستان کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کا شکار مظلوم فلسطینیوں، خاص طور پر اہلِ غزہ کے لیے امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے امدادی سامان کی دسویں کھیپ روانہ کر دی ہے۔
امدادی سامان بھیجنے کی تقریب جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر منعقد ہوئی، جہاں سے امدادی سامان ایک چارٹرڈ طیارہ A300 کے ذریعے عمان، اردن کے لیے روانہ کیا گیا، جو بعد میں غزہ کے لیے بھیجا جائے گا۔ روانہ کیے گئے امدادی سامان میں 40 ٹن ادویات شامل ہیں، جو غزہ کے لوگوں کی ضرورت کے مطابق فراہم کی گئی ہیں۔
پاکستان نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ جہاں بھی فلاحی اقدامات کی ضرورت ہو گی، وہاں مدد اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ سامان روانگی کی تقریب میں ایم این اے ڈاکٹر درشن نے این ڈی ایم اے اور الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندگان کے ساتھ شرکت کی۔
شرکاء نے مشکل کی اس گھڑی میں امداد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا۔ اب تک این ڈی ایم اے کی جانب سے کل 1151 ٹن امدادی سامان غزہ کے لیے روانہ کیا جا چکا ہے۔







