اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کا بیرونِ ملک سازش کا بیانیہ دفن ہوگیا۔مریم اورنگزیب نے عمران خان کے اپر دیر میں جلسے سے خطاب پر ردعمل میںسابق وزیراعظم کو 2023 تک چپ کرکے انتظار کرنے کا مشورہ دیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی سے ڈرتے ہیں، مشورہ ہے کہ وہ چپ کرکے بیٹھیں اور 2023 تک انتظار کریں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان واقف ہیں کہ شہباز شریف معیشت کو ٹھیک کردیں گے، وہ جانتے ہیں ن لیگی وزیراعظم تمام ممالک سے تعلقات ٹھیک کریں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ عمران صاحب کو یقین ہے کہ شہباز شریف کو کام کرنے دیا تو سرمایہ کاری واپس لائیں گے، وہ انشاء اللّٰہ نوجوانوں کو روزگار دیں گے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آپ کی تباہ کی ہوئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، 4 سال میں معاشی تباہی اور مہنگائی لانے والا ڈیڑھ ماہ کا حساب مانگ رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی نے 2 دفعہ کہا ہے کوئی سازش نہیں ہوئی، آپ کا بیرونِ ملک سازش کا بیانیہ دفن ہو گیا ہے۔اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کو اپنی منافقت کی سیاست میں گھسیٹنے کی ناکام کوشش نہ کریں۔
عمران خان کا بیرونِ ملک سازش کا بیانیہ دفن ہوگیا،مریم اورنگزیب








