سپریم کورٹ کے جسٹس منیب اختر نے رجسٹرار سپریم کورٹ کو ایک اور خط لکھ دیا۔ خط میں جسٹس منیب اختر نے پیر کی سماعت کے حکم نامے کوغیرقانونی قرار دے دیا۔ انہوں نے خط میں کہا کہ پانچ رکنی لارجربینچ نے کیس کی سماعت کرنی تھی، چار رکنی بینچ عدالت میں بیٹھ کرآرٹیکل63 اے سے متعلق نظرثانی کیس نہیں سن سکتا۔
ان کا کہناہے کہ آج کی سماعت کا حکم نامہ مجھے بھیجا گیا، حکم نامے میں میرا نام لکھا ہوا ہے مگر آگے دستخط نہیں، بینچ میں بیٹھنے والے4 ججز قابل احترام ہیں مگر آج کی سماعت قانون اور رولز کے مطابق نہیں۔
جسٹس منیب اخترکے خط کے متن کے مطابق اپنا مؤقف پہلےخط میں تفصیل سے بیان کرچکا ہوں اور آج کی سماعت کے حکم نامےپراحتجاج ریکارڈ کرانا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا سماعت کا حکم نامہ جوڈیشل آرڈرنہیں، آرٹیکل63 اے کی تشریح سے متعلق نظرثانی کیس کے حکم نامے کی کوئی حیثیت نہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کے فیصلے پرنظرثانی کیس کی سماعت ہوئی، پانچ رکنی بینچ میں شامل جسٹس منیب اختر سماعت کےلیے نہیں آئے، چیف جسٹس آف پاکستان نے جسٹس منیب کا رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھا گیا خط پڑھ کرسنایا تھا۔







