اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے اعتراف کیا ہے کہ تحریک انصاف کے دو اراکین قومی اسمبلی پارٹی سے رابطے میں نہیں ہیں۔
نجی ٹی وی سےگفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے بیان کا دفاع کیا اور کہا کہ علی امین گنڈاپور پُرامن تھے اور ان کا کسی صوبے پر چڑھائی کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین کا بیان پارٹی کےلیے زحمت نہیں ہے وہ آئندہ بھی پُرامن جلسوں میں شامل ہوتے رہیں گے، وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور پرامن طور پر لوگوں کے ساتھ آرہے تھے، لاہور میں 6 بجے پولیس اسٹیج پر آئی کہ جلسہ ختم کریں وقت ختم ہوگیا، احتجاج کا وقت رکھا تھا جو ختم ہوگیا،انہوں نے کہاکہ میری علی امین گنڈاپور سے بات ہوئی تھی۔
بیرسٹرگوہر نے کہا کہ پارٹی کی چیئرمین شپ میرے پاس بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے، انٹراپارٹی انتخابات کا کیس الیکشن کمیشن میں 2 اکتوبر کو لگا ہے، انٹراپارٹی الیکشن کیس کی وجہ سے افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ ہیں، ہمیں پارلیمان کو مضبوط کرناچاہیے تاکہ آئین نہ توڑا جا سکے، پاکستان کی خاطر یہ اے پی سی بلائیں گے تو ہم ساتھ ہوں گے، کوئی جیتے یا ہارے پارلیمنٹ کو ہر صورت جیتنا چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے یہ بھی کہا کہ اقوام متحدہ کی رپورٹ ہے کہ غزہ میں اتنی تباہی ہوئی ہے کہ ملبہ ہٹانے میں 20 سال لگیں گے۔
پی ٹی آئی کے 2 ارکان قومی اسمبلی رابطے میں نہیں، بیرسٹر گوہرکااعتراف







