بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی چین کے یوم تاسیس پر مبارکباد

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمہوریہ چین کے 75 ویں یوم تاسیس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ، چین کی پارلیمنٹ اور عوام کو مبارکباد پیش کی۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ “عوامی جمہوریہ چین کو قومی دن کے موقع پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔” انہوں نے چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ہمیں چین کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی پر فخر ہے۔”

اسپیکر نے مزید کہا کہ “چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں۔” انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ “چین نے بہت کم عرصے میں بے مثال ترقی کی منازل طے کی ہیں، جس کا کریڈٹ صدر شی جن پنگ اور چین کی حکومت کو جاتا ہے۔”

سردار ایاز صادق نے کہا کہ “چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے اور ہر مشکل وقت میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے۔” انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کو خطے کے عوام کے لیے اہم تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ “سی پیک منصوبے سے پاکستان میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا اور یہ دونوں ممالک کے مابین اعتماد کا مظہر ہے۔” اسپیکر نے یہ بھی کہا کہ “خطے میں چین کی پاکستان کے لیے غیر متزلزل حمایت دنیا کے لیے مثال ہے۔”

آخر میں سردار ایاز صادق نے پارلیمانی سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “چین اور پاکستان کے مابین دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے میں پارلیمانی سفارتکاری انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔”