بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایران نےاسرائیل پر 400 بیلسٹک میزائل داغ دیئے ،صیہونی خوفزدہ

امریکہ کی جانب سے اسرائیل پر ایران کے بڑے حملے کی تیاری کی اطلاع دیئے جانے کے بعد ایران نے مبینہ طور پر اسرائیل کی جانب 400 بیلسٹک میزائل داغ د یئے ، جس کے بعد اسرائیلیوں پر جنگ کا خوف طاری ہوگیا اور یہودی اشیاء خوردونوش جمع کرنے میں لگ گئے جس کے بعدوزیراعظم نیتن یاہو اپنے گھبرائے ہوئے عوام کو آسرے دینے کی کوشش میں لگ گئے  ۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران سے اسرائیل کی جانب میزائل داغے گئے اور پورے ملک میں سائرن سنائی دے رہے ہیں تاہم ایران کی جانب سے حملے کی ابھی تک کوئی تصدیق نہیں ہوئی  ۔
عرب خبر رساں ادارے ”الجزیرہ“ کے مطابق تل ابیب کے آسمان پر شعلے اور میزائل دکھائی دیئے۔  فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی  کہ یہ میزائل کہاں سے آرہے ہیں۔
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ سے  فلسطینی صحافی محمد خیری نے کہا کہ آسمان میں درجنوں پروجیکٹائل مغرب کی طرف یروشلم اور اسرائیل کی طرف جاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔
محمد خیری نے الجزیرہ   کو بتایا ’میزائل تقریباً بغیر رکے جا رہے ہیں۔ سائرنبج رہے ہیں۔ اس لمحے تک اسرائیل کے بڑے علاقوں میں سائرن کو سنا جا سکتا ہے‘۔
صحافی نیلز ایڈلر نے اردن کے دارالحکومت عمان سے بتایا کہ رات کا آسمان اس طرح چمک رہا ہے کہ ایسا لگتا ہے اس پر میزائل داغے گئے ہوں۔ لوگ میزائلوں کو دیکھنے کے لیے باہر نکل آئے۔ دور دور تک کئی دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے اسرائیل کے عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا  کہ ’اسرائیل کے عوام! ہم ایران کے ساتھ جنگ کی حالت میں ہیں، میں آپ سے دو چیزوں پر عمل کرنے کو کہتا ہوں، ایک تو فوج کے احکامات پر سختی سے عمل کریں، دوسرا لڑائی جھگڑا نہ کریں اور اتحاد سے رہیں۔
اس سے پہلے   امریکہ کے انٹیلی جنس ذرائع نے اطلاع دی کہ ایران اسرائیل کے ملٹری بیسز پر حملہ کرے گا، ایران تل ابیب کے قریب اسرائیلی انٹیلیجنس ہیڈ کوارٹرز کو بھی نشانہ بنائے گا۔
انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجیں ہائی الرٹ پر ہیں کیونکہ 24 گھنٹے میں ایرانی حملہ ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ منگل کو حزب اللہ نے تل ابیب کے قریب ائیربیس پر فادی 4 میزائل فائر کیا ہے، فادی 4 میزائل اپنے ہدف پر درست نشانہ لگا کر بڑی تباہی لاتا ہے۔
علاوہ ازیں  اسرائیلی فوج نے بھی خبردار کیا کہ اسرائیلی عوام ایران کے میزائل حملوں کیلئے تیار رہیں، ایران بڑے پیمانے پر میزائل حملے کرسکتا ہے، جیسے ہی سائرن بجتے ہیں محفوظ مقامات پر چلے جائیں، محفوظ مقامات سے باہر اس وقت تک نہ آئیں جب تک کہا نہ جائے۔