اسلام آباد:ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سیری انور بن ابراہیم تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نور خان ایئربیس پر ملائیشین ہم منصب کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور وفاقی کابینہ کےارکان بھی استقبال کیلئے موجود تھے، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کو پھول پیش کیے۔
ملائیشیاکے وزیراعظم انور ابراہیم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد ہے جس میں وزراء ، نائب وزرا اور سینئر حکام شامل ہیں۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی بھی دی۔
وزیر اعظم انور ابراہیم پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
جن میں تجارت، رابطے، توانائی، زراعت، حلال انڈسٹری، سیاحت، ثقافتی تبادلوں اور عوامی سطح پر رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان اور ملائیشیا کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے وسیع ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیاجائیگا۔ اس موقع پرعلاقائی وعالمی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملائیشیا کے وزیراعظم کی تین روزہ دورے پرپاکستان آمد،وزیراعظم نے استقبال کیا







