اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی) نے دفاعی منصوبوں کیلئے 45 ارب روپے کی ضمنیگرانٹ سمیت دیگر اہم منصوبوں کیلئے رقم جاری کرنے کی منظور ی دے دی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس ہوا جہاں ای سی سی نے اینٹی ریبیز ویکسین کی قیمت میں اضافے کی منظوری دیدی جس کے تحت فی وائل قیمت 891.65 روپے سے بڑھا کر 1980 روپے کر دی گئی اور اضافی قیمت امپورٹ شدہ مواد کے خرچے کو پورا کرے گی۔
ای سی سی نے اینٹی نارکوٹکس فورس کے ملازمین کے الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ کیا، ملازمین کے لیے ڈیلی الاؤنس میں 20 گنا اضافے کی منظوری سے مالی اثر 264.744 ملین روپے ہوگا۔
پاکستان میں کوپ 29 کی تیاری کیلئے 150 ملین روپے کے تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی گئی ہے،کوپ 29 نومبر کو آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہوگا جہاں پاکستان اپنے ماحولیاتی اقدامات کو عالمی سطح پر پیش کرے گا۔
اجلاس میں جنوبی ایشیائی گیمز کی میزبانی کیلئے 400 ملین روپے کی درخواست پر مزید غور کیا گیا اور مزید تفصیلات کے ساتھ دوبارہ منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔
وزیرخزانہ کی زیرصدارت دفاعی منصوبوں کیلئے 45 ارب روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کرلی گئی اور موجودہ مالی سال میں مختلف دفاعی منصوبوں کیلئے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
دفاعی منصوبوں کیلئے 45 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور







