بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راولپنڈی میں انسداد ڈینگی کا ہنگامی اجلاس: صوبائی وزراء صحت کی زیر صدارت اقدامات کا اعلان

راولپنڈی(نیوز ڈیسک) صوبائی وزراء صحت، خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت انسداد ڈینگی کے حوالے سے ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ اس اجلاس کا مقصد وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے تحت ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کرنا تھا۔

اجلاس میں طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ پارٹی کی سینئر رہنما کے طور پر ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی زندگیوں کا تحفظ کریں اور ڈینگی کے خاتمے کے لئے بھرپور کوششیں کریں۔ انہوں نے عوام اور میڈیا سے تعاون کی اپیل کی تاکہ ڈینگی کی وباء کو قابو کیا جا سکے۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ راولپنڈی کے تمام اراکین اسمبلی ہائی رسک یونین کونسلوں میں سرویلنس سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیکنیکل کمیٹی کی مشاورت سے ہائی رسک علاقوں میں ٹارگٹڈ فوگنگ کروائی جائے۔ مزید برآں، تمام یونین کونسلوں میں منتخب نمائندے فوکل پرسن کے ساتھ مل کر وزٹ کریں گے۔

وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے بھی اجلاس کے دوران کہا کہ ڈینگی کی وباء پر قابو پانے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ راولپنڈی میں ڈی سی اور تمام متعلقہ افسران انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں گے۔

اجلاس میں شریک دیگر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ڈینگی متاثرہ علاقہ جات میں ڈیوٹیاں لگانے کے حوالے سے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے بتایا کہ وہ اگلے تین دن خود راولپنڈی میں رہ کر انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کریں گے۔

اس موقع پر طاہرہ اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ڈینگی کے علاج کے لئے بھرپور وسائل فراہم کئے ہیں اور شہریوں کو بخار کی صورت میں فوراً ہسپتال سے رجوع کرنے کی اپیل کی۔

اجلاس میں ڈی سی راولپنڈی، دیگر سینئر رہنما، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر آئندہ 15 روز کے دوران روزانہ اجلاس منعقد کیے جائیں گے تاکہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے اقدامات کی پیش رفت کو مانیٹر کیا جا سکے۔

اجلاس میں ڈی سی راولپنڈی، سنیر رہنما طاہرہ اورنگزیب، ایم این ایز ملک ابرار حسین، حنیف عباسی، بیرسٹر دانیال اور اراکین صوبائی اسمبلی ملک افتخار، ملک منصور افسر، عبدالحنیف، آمنہ حسن، عمران الیاس، محسن ایوب، طاہرہ مشتاق، رفعت عباسی نے بزریعہ ویڈیو لینک شرکت کی۔