کراچی(شوبز ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے مرحوم شوہر یحییٰ صدیقی کا آخری انٹرویو یوٹیوب پر شیئر کیا ہے۔ یہ انٹرویو سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں ریکارڈ کیا گیا تھا اور شگفتہ نے یہ ویڈیو حال ہی میں 3 اکتوبر کو اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی۔
26 منٹ کے دورانیے میں یحییٰ صدیقی نے اپنی زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات چیت کی۔ ویڈیو میں انہیں کینسر کے باعث کمزور حالت میں دیکھا گیا۔
شگفتہ نے شوہر سے پوچھا کہ ان کی زندگی کا سب سے اچھا اور خوبصورت دور کون سا تھا، جس پر یحییٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے کرم سے انہوں نے بہترین زندگی گزاری ہے، اسی وجہ سے انہیں اپنی پوری زندگی اچھی لگی۔
ایک اور سوال پر کہ اگر انہیں دوبارہ زندگی ملی تو وہ کیا کریں گے، یحییٰ نے جواب دیا کہ وہ اپنی دوسری زندگی میں بھی شگفتہ کو ہی تلاش کریں گے۔ شگفتہ نے اس بات پر کہا کہ وہ سنجیدہ سوال کر رہی ہیں تو یحییٰ نے جواب دیا کہ یہی ان کا سنجیدہ جواب ہے۔
انٹرویو کے دوران، یحییٰ بار بار اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے رہے اور انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی زندگی سے کوئی شکوہ نہیں۔
سوشل میڈیا پر یحییٰ صدیقی کا یہ آخری انٹرویو وائرل ہو رہا ہے، جہاں صارفین ان کی مغفرت کی دعا کر رہے ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ یحییٰ صدیقی پچھلے 5 برسوں سے کینسر میں مبتلا تھے اور 12 ستمبر کو انتقال کر گئے تھے۔ شگفتہ اعجاز اور یحییٰ صدیقی کی یہ دوسری شادی تھی، اور دونوں کی پہلی شادیوں سے دو دو بچے ہیں جبکہ ان کے دو مشترکہ بیٹیاں بھی ہیں۔









