بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیرداخلہ کی ناقص حکمت عملی،گنڈا پور چائنہ چوک پہنچنے میں کامیاب

اسلام آباد(طارق محمود سمیر) پاکستان تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کی مدد اور وزیراعلیٰ کی قیادت میں اسلام آبادکی طرف یہ تیسرا بڑا احتجاجی مارچ تھا ،اس سے پہلے دو احتجاجی مارچ ناکام ہوگئے تھے اور مظاہرین کو بروقت بلیو ایریا سے پسپا کردیا گیا تھا جبکہ سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی قیادت میں 2016 میں آنے والا قافلہ اٹک پل کراس نہیںکرسکا تھا ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے ایک دھرنا 2014 میں علامہ طاہرالقادری کی حمایت سے دیا تھا اور اس دھرنے کے شرکاء کو لاہور میں بھی نہیں روکا گیا تھا اور وہ اسلام آباد پہنچنے میںکامیاب ہوئے اور 126دن تک یہ دھرنا جاری رہا ، اس دھرنے کو اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کے چند اہم افسران کی حمایت حاصل رہی اور عمران خان کے خطاب کو ٹی وی چینلز میں بریکنگ نیوزکے طور پر دیا جاتا تھا تاہم جب 2016 میں عمران خان بنی گالہ میں محدود ہوکر رہ گئے تھے اور اس وقت کے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے جو حکمت عملی بنائی اس کے تحت عمران خان بنی گالہ سے باہر نہیں نکل سکے اور دوسری جانب سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک بھی سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے اٹک تک جلوس لیکر آئے تھے اور پنجاب پولیس نے دو دن تک انہیں وہاںکامیابی سے روکے رکھا اور وہ پسپا ہوکر واپس چلے گئے تھے ،دوسری مرتبہ اس وقت اسلام آبادکی طرف عمران خان کی قیادت میں مارچ کیا گیا جب 2022میں انہیں عدم اعتمادکے ذریعے وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا تھا تو 25 مئی 2022کو سابق وزیراعلیٰ محمود خان بھی اسی طرح سرکاری وسائل استعمال کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں کو عمران خان کے ہمراہ اسلام آباد میں لانے میں کامیاب ہوئے تاہم بلیو ایریا میں پمزکے قریب اس وقت کے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ کی کامیاب حکمت عملی کے نتیجے میں عمران خان نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کردیا تھا اور صدر آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے اس کامیاب حکمت عملی پر رانا ثناء اللہ کو حکیم رانا ثناء اللہ کا خطاب دے دیا تھا ، تیسرے مرتبہ اب علی امین گنڈا پورکی قیادت میں سرکاری وسائل کا خوب استعمال کیا، ایک دن پنجاب پولیس انہیں روکنے میںکامیاب رہی لیکن وہ پانچ اکتوبرکو اپنی حکمت عملی کوکامیاب بناتے ہوئے اسلام آباد ڈی چوک کے قریب چائنہ چوک تک پہنچ گئے اور اس طرح وزیرداخلہ اور اسلام آباد پولیس کی ناقص حکمت عملی بے نقاب ہوئی اور علی امین گنڈا پور کو دعوے اور کوشش کے باوجودگرفتار نہیں کیا جاسکا اور فیصل واوڈا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ گاڑی کی ڈگی میں کے پی ہائوس سے فرا ر ہونے میں کامیاب ہوئے ۔