اسلام آباد(طارق محمود سمیر) تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرین کا بلیو ایریا اور ڈی چوک کے قریب پہنچنا سیاسی لحاظ سے ایک طرف کامیابی قرار دیا جا سکتا ہے
،اٹک کے بعدکس حکمت عملی کے تحت رکاوٹیں ہٹائی گئیں اور خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی قیادت میں مظاہرین ڈی چوک کے قریب چائنا چوک تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے اس کی وضاحت وزیر داخلہ محسن نقوی کو دینی پڑے گی ،دونوں شہروں کو کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا تاکہ مظاہرین نہ پہنچ سکیں ،ہزاروں شہریوںکو اپنے معمولات زندگی میں تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا مگر مظاہرین کو یہاں تک پہنچنے کیوں دیا گیا اس کی وضاحت دینے کیلئے کوئی تیار نہیں ہے،ایک ایسے وقت میں تحریک انصاف نے احتجاج کیا ہے جب پاکستان کے اندر ایس سی او کی سربراہی کانفرنس ہونے والی ہے اور بیرسٹر سیف کے اس بیان نے کہ بھارتی وزیر خارجہ کو ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہیں نے ماحول کو مزید خراب کردیا ہے ،یہ اسی طرح کا بیان ہے جیسا شیر افضل مروت نے چند ماہ قبل سعودی عرب سے متعلق دیا تھا اور عمران خان نے انہیں پارٹی عہدوں سے ہٹا دیا تھا لیکن بیرسٹر سیف کے خطرناک اور ملک دشمنی پر مبنی بیان پر پارٹی قیادت نے وضاحتیں تو دیں لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیںکی ،بیرسٹر سیف کے اس بیان نے جنرل ضیاء الحق کے مارشل لاء کے دور میں پیپلزپارٹی کے سابق رہنما غلام مصطفیٰ کھرکی طرف سے بھارتی ٹینکوں میں بیٹھ کر آنے کے بیان کی یاد تازہ کردی ہے ،اس بیان پر پی ٹی آئی کو شدید تنقیدکا سامنا ہے اور سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے تو یہاں تک کہہ دیا ہے کہ کل کو پی ٹی آئی اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہوکو بھی اپنے احتجاج میں خطاب میں دعوت دے گی ، علاوہ ازیں علی امین گنڈاپورکے قافلے سے الگ ہونے اور کے پی ہائوس میں ان کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے چھاپے کی خبروں نے ماحول کو خاصا گرمائے رکھا ، عمر ایوب اور دیگر رہنمائوں نے پہلے یہ دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈا پورکوگرفتار کر لیا گیا ہے تاہم بعد میں سکیورٹی ذرائع نے وزیراعلیٰ کوگرفتارکرنے کی خبروںکی تردیدکردی ۔ابھی تک علی امین گنڈا پور منظر عام پر نہیں آئے اور بیرسٹر سیف یہ کہہ رہے ہیں کہ ان سے رابطہ نہیں ہورہا ، اب تحریک انصاف کی قیادت کو چاہیے کہ وہ احتجاج کوختم کرے،اسلام آباد میں مظاہرین کو لانے کی ضد پوری ہوچکی ہے ، احتجاج بھی ریکارڈکرایا جاچکا ہے لہٰذا حالات کو مزید خراب کرنے سے گریزکیا جائے یہی سب کے مفاد میں ہے ۔
مظاہرین کاڈی چوک کے قریب پہنچناسیاسی کامیابی







