اسلام آباد(ممتازنیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی آئی مظاہرین کے پتھراؤ کے نتیجے میں اسلام آباد پولیس کے اہلکار عبد الحمید کی شہادت پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہید اہلکار کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
وزیراعظم نے اپنے بیان میں پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت ہمیشہ احتجاج کی آڑ میں تشدد کا راستہ اختیار کرتی رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنان نے سرکاری ٹی وی کی عمارت پر حملہ کیا اور پارلیمنٹ ہاؤس کے گیٹ کو نقصان پہنچایا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔









