بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 احتجاج میں افغان شہری  شامل،شہیداہلکارکےبچے سوال کررہے ہیں کہ کیا ریاست انصاف دے گی؟آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد:  انسپکٹرجنرل اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی احتجاج میں افغان شہری بھی شامل تھے جن کے قبضے سے سرکاری شیل برآمد کیے گئے ہیں، پولیس سپاہی عبدالحمید شاہ کو شہید کرنیوالے اور کرانے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی

پریس کانفرنس کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والوں نے پولیس پر فائرنگ کی، لیکن ہم نے تحمل سے کام لیا ،عبدالحمید شاہ چونگی نمبر 26 پر مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہوئے تھے اور اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔
ان کاکہناتھا کہ آج ان کے بچے ہم سے سوال کررہے ہیں کہ کیا ریاست انہیں انصاف دے گی، تو میں بالکل واضح کردوں اس میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، پولیس اپنے حصے کا کام کرےگی، سخت ایف آئی آر درج کی جارہی ہے۔
علی ناصر رضوی نے کہاکہ حصہ بمطابق جسہ جس نے جو کردار ادا کیا اسے اس کی سزا ملے گی، کسی کو اسلام آباد کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آئی جی نے کہاکہ احتجاجی مظاہرے میں شامل افراد پتھراؤ کرنے کے ساتھ غلیل کا استعمال کررہے تھے، جس سے تخریب کاری واضح ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 878 شرپسندوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں 120 افغان شہری شامل ہیں، اور ایف آئی آر میں اے ٹی سی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
آئی جی کاکہناتھاکہ اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 10 ایف آئی آرز درج کردی گئی ہیں، اور گرفتار ہونے والوں میں خیبرپختونخوا پولیس کے حاضر سروس اہلکار بھی شامل ہیں۔
آئی جی نے کہاکہ اسلام آباد سیف سٹی کے 441 کیمروں کو نقصان پہنچایا گیا، اس کے علاوہ پولیس کی 10 گاڑیوں اور جوانوں کے 31 موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
علی ناصر رضوی نے کہاکہ احتجاجی مظاہرین نے 3 پرائیویٹ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
دریں اثناایک انٹرویومیں  آئی جی اسلام آباد پولیس نے کہا کہ 26 نمبر چونگی پر پولیس اہلکار مظاہرین کے تشدد سے جاں بحق ہوا۔ ہمارے بچے کو مظاہرین نے شہید کیا، یہ ظلم کی انتہا ہے۔ پولیس کا مقصد عوام کے جان ومال کا تحفظ ہے۔ اس طرح کا ظلم اور جبر بالکل برداشت نہیں کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایک ایک جوان اس وقت تکلیف میں ہے۔ کلیئر میسج ہے کہ قانون اپنا راستہ بنائے گا۔ قانون کے تمام ضابطے پورے کریں گے۔ ضابطوں کے مطابق ان کے ساتھ نمٹیں گے۔ سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ڈی چوک کے علاوہ تمام علاقوں میں صورتحال کلیئر کی جا رہی ہے۔ تمام راستے کھول دیے جائیں گے۔ وزیر داخلہ نے بھی کلیئر میسج دیا کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ مظاہرین کو گرفتار کیا جائے گا۔ اسلام آباد پولیس شہریوں کی حفاظت کے لیے آخری دم تک موجود رہے گی۔
آئی جی اسلام آباد نے انکشاف کیا کہ افغان اور دوسرے صوبے کے شہری بھی احتجاج میں شامل تھے۔ حیران کن بات یہ ہے ان کے قبضے سے سرکاری شیل برآمد ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی لیول انکوائری کی جا رہی ہے، قانون اپنا راستہ بنائے گا۔