بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپورخیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں پہنچ گئے

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور منظر عام پر آگئے۔
وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور 24گھنٹے سے زائد منظر عام سے غائب رہنے کے بعد بالآخر سامنے آ ئے۔
علی امین کی مبینہ گمشدگی کے بعد کے پی اسمبلی کا اجلاس دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا تھا،تاہم اجلاس  تاخیر سے شروع ہوا، پی ٹی آئی کارکنان نے اسمبلی میں وزیراعلیٰ کی بازیابی کے لیے نعرے بازی بھی کی۔
ایوان کی کارروائی معمول کے مطابق جاری تھی کہ اچانک سے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اسمبلی میں آگئے، جنہیں دیکھ پی ٹی آئی ایم پی ایز کی بڑی تعداد ان کے اردگرد جمع ہوگئی،انکی آمد کے موقع پر اسمبلی میں ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی،پی ٹی آئی ارکان اسمبلی انکو دیکھ کر پرجوش نظر آئے۔
اس سے پہلے خیبر پختونخوا اسمبلی میں شام سے شروع ہونیوالے اجلاس میں سپیکر نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سمیت دیگر لاپتہ ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے،انکی بازیابی کیلئے قرار داد بھی منظور کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا سے قافلے کی شکل میں اسلام آباد کی طرف آ رہے تھے جب برہان انٹرچینج کے مقام پر انھوں نے واضح اعلان کیا تھا کہ  احتجاج ہر صورت ڈی چوک پر ہی ہوگا۔ مگر اسلام آباد پہنچنے کے بعد ریڈ زون کے قریب انہوں نے کارکنان سے ایک مختصر خطاب کیا اور وہاں سے چلے گئے۔

گذشتہ روز پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا کہ  امین گنڈاپور کو ریڈ زون میں ہی واقع خیبر پختونخوا ہاؤس میں ’حبس بے جا میں‘ رکھا گیا ہے جہاں رینجرز کی طرف سے ایک ریڈ بھی کی گئی تھی۔
تاہم وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ریاستی ادارے کی تحویل میں نہیں بلکہ   مرضی سے خیبر پختونخوا ہاؤس سے ’بھاگ گئے تھے جس کے شواہد بھی ہیں۔
علی امین گنڈاپور کی مبینہ گمشدگی پر ہی خیبرپختونخوا اسمبلی کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ۔