بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں اسرائیلی اشتعال انگیزی پر شدید تشویش، عالمی برداری فلسطینیوں کاقتل عام رکوائے،صدرزرداری

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہاہےکہ   پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں اشتعال انگیزی میں اضافے پر شدید تشویش ہے  ، عالمی برداری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے اور تنازع مزید نہ پھیل سکے۔
مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایوان صدر میں آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایم پی سی میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، مسلم لیگ(ن) کے صدرمیاں نواز شریف بھی شریک ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، شیری رحمٰن، حافظ نعیم الرحمٰن، مولانا فضل الرحمٰن، ایمل ولی خان اور یوسف رضاگیلانی بھی ایم پی سی میں شریک ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے وہ دن دیکھیں ہیں جب ذوالفقارعلی بھٹو کے دور میں یہاں پی ایل او کے دفتر ہوا کرتے تھے اور یاسر عرفات آتے جاتے رہتے تھے، میں خود یاسر عرفات سے بے نظیر بھٹو کے ہمراہ ملاقات کر چکا ہوں۔
ان کاکہناہے  کہ فلسطین اور غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا آغاز ہوئے ایک برس بیت چکا ہے جسکے نتیجے میں 41 ہزار 800 سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے انفرا اسٹرکچر، عوامی املاک کو مکمل تباہ کرنے کے بعد اب اسرائیل نے اپنی  سفاکانہ مہم میں مزید پیش قدمی کرتے ہوئے لبنان، شام اور یمن کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانہ شروع کردیا ۔
صدرآصف زرداری نے کہا کہ اپنے ان اقدامات سے اسرائیل نہ صرف خطے کے امن، استحکام اور سکیورٹی کو خطرے میں ڈال رہا ہے بلکہ اس کے اقدامات سے عالمی امن کو بھی خطرہ لاحق ہو گیا  ۔
ان کاکہناہے کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں اشتعال انگیزی میں اضافے پر شدید تشویش ہے اور وہ فلسطین اور لبنان کیخلاف اسرائیلی سفاکیت اور جارحیت کے ساتھ ساتھ حماس اور حزب اللہ کی قیادت کے قتل کی مذمت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم فلسطین اور لبنان کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور بہادر شہدا کے لیے دعاگو ہیں۔
صدرآصف زرداری نے کہا کہ یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ عالمی برادری اسرائیل کو فلسطین بالخصوص غزہ میں جاری اس قتل عام سے روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی اور ایسا کر کے وہ استثنیٰ کے کلچر اور عالمی قوانین کو بالائے طاق رکھنے کے عمل کو فروغ دے رہی ہے۔
ان کاکہناتھا کہ فلسطین اور لبنان کے عوام آزادانہ طور پر ڈر اور خوف کے بغیر زندگی بسر کرنے کے مستحق ہیں لہٰذا عالمی برادری اشتعال انگیزی کے خاتمے کےلیے فوری طور پر اقدامات کرے۔
آصف  زرداری نے عالمی برداری پر زوردیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے اور تنازع مزید نہ پھیل سکے۔
ان کاکہناتھا کہ ہم اسرائیل کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور جارحیت کیخلاف تمام عالمی فورم پر آواز اٹھاتے ہوئے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ماننا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ فلسطین کے حل کے بغیر ممکن نہیں، پاکستان فلسطینیوں کے حقوق کو سپورٹ اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتا رہے گا جو مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کی ضمانت ہے۔
ان کاکہناتھاکہ پاکستان یروشلم سمیت مقبوضہ عرب سرزمین سے اسرائیل کا مکمل انخلا اور حق خودارادیت کے مکمل اظہار کیلئے فلسطینی عوام کے حقوق کی بحالی اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی پالیسی پر قائم ہے جسکا دارالحکومت القدس شریف ہو۔