اسلام آباد: اسرائیلی جارحیت کو ایک سال مکمل ہونے پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایوان صدر میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس(اے پی سی) میں جمعیت علمائے اسلام اور جماعت اسلامی نے تنازع کے دو ریاستی حل کی مخالفت کر دی۔
حکومت کی جانب سے منعقد کی گئی اے پی سی کا آغاز مولانا عبدالغفور حیدری کی جانب سے تلاوت کلام سے کیا گیا، اے پی سی میں تمام پارلیمانی سیاسی جماعتوں نے شرکت کی البتہ پی ٹی آئی نے مسئلہ فلسطین پر ہونے والی حکومتی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کانفرنس میں صدر آصف علی زرداری،وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم سمیت کئی سیاسی رہنما شریک ہوئے۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے مجاہدین نے حملہ کیا، حماس کے حملے نے فلسطین کے مسئلے کی نوعیت تبدیل کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ناسور کا فیصلہ 1917 میں برطانوی وزیرخارجہ بالفور نے کیا، قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اسرائیل کو مغرب کا ناجائز بچہ کہا، ہمیں اسرائیل کو تسلیم کرنے یا نہ کرنے کی بحث پر تعجب ہوتا تھا۔
ان کاکہناتھاکہ جمعیت علمائے اسلام دوریاستی حل کی حمایت نہیں کرے گی، دوریاستی حل کا جواز نہ شرعی، نہ سیاسی اور نہ جغرافیائی طور پر ممکن ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امت نے ایک سال کے دوران جس بے حسی کا مظاہرہ کیا وہ جرم ہے، امت کی بے حسی کے جرم میں پاکستان بھی برابر کا شریک ہے، کیا ہمیں اسکا احساس ہے؟ اس کانفرنس کی قرارداد سے فلسطینیوں کے دکھوں کا ازالہ نہیں ہوگا، فلسطینی بھائیوں کو ہمارے زبانی جمع خرچ کی ضرورت نہیں ہے۔
امیرجے یو آئی نے کہاکہ حماس اسلام دشمنوں کی نظر میں دہشتگرد ہوگی، ہماری نظر میں نہیں ہے، پاکستان، مصر، ترکی، انڈونیشیا اور دیگر مسلم ممالک سے مل کر ایک مشترکہ حکمت عملی بنائے، آج کا اجلاس معنی خیز ہونا چاہیے۔
مسئلہ فلسطین پر حکومتی اے پی سی میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ غزہ میں 173 صحافی، 900 سے زائد ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس شہید ہوچکے، جو کچھ اسرائیل کر رہا ہے اسی نسل کشی کے سوا کوئی نام نہیں دیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ اس پلیٹ فارم سے صرف ایک آزاد فلسطینی ریاست کا پیغام جانا چاہیے،قائد اعظمؒ کا بھی یہی مؤقف تھا کہ اسرائیل صرف قابض طاقت ہے، دو ریاستی حل یا 1967 کی پوزیشن کی حمایت قائد اعظم کے اصولی مؤقف کی نفی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ فلسطینی اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق قبضے کیخلاف لڑ رہے ہیں، دو ریاستی حل کی بات اسرائیل کو قائم رہنے کا جواز فراہم کرنا ہے، اسرائیل کو عرب اور مسلم ممالک کی خاموشی نے طاقت فراہم کی ہے، ہم اعلان بالفور اور یہودیوں کو فلسطین پر مسلط کرنے کو نہیں مانتے۔
انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کہ مسلم ممالک کے سربراہوں کا اجلاس بلائیں، ان ملکوں کی افواج کے سربراہوں کو بلائیں، فلسطینیوں کی امداد بڑھانی ہوگی، فلسطینی بچوں کی تعلیم کا انتظام کرنا ہوگا۔
ان کاکہناہے کہ اس کانفرنس کے اعلامیے میں 2 ریاستی حل اور 1967 کی پوزیشن کی بات نہیں ہونی چاہیے، اسرائیل کا ایک انچ کا وجود تسلیم نہیں کریں گے۔
فلسطینیوں سےاظہار یکجہتی کیلئے اے پی سی ،جے یو آئی اور جماعت اسلامی نے 2 ریاستی حل کی مخالفت کردی







