اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اسلام آباد میں چینی سفارت خانے آمد، چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر تعزیت کااظہارکیا۔انہوں نے دہشت گرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہارکیا۔وزیراعظم نے کہاکہ دہشت گردی کے اس واقعہ کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے۔انہوںنے کہاکہ واقعہ کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے ، پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ اس واقعہ کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا ، غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا ۔ چینی سفیر نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکرکیا۔ چینی سفیر نے معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہارکیا۔ان کاکہناتھاکہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی ، ملاقات میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔
وزیراعظم سے چینی سفیر سے ملاقات ، چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر تعزیت کااظہار







