مقبوضہ جموں وکشمیر اور ہریانہ کے ریاستی انتخابات کے نتائج کے مطابق مقبوضہ و جموں کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس اور ہریانہ میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کو واضح برتری حاصل ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کی کُل 90 سیٹوں میں سے کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے اتحاد کو 49 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہوگئی جبکہ بی جے بی یہاں 29 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
مقبوضہ جموں وکشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی 3 نشستوں کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ آزاد امیدوار اور دیگر جماعتوں نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔
ہریانہ کی تمام 90 نشستوں میں سے بی جے پی 48 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے اور اپوزیشن جماعت کانگریس37 نشستوں کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ 5نشستوں پر دیگر جماعتیں اور آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔
دونوں ریاستوں میں نشستوں کی تعداد 90 اور کسی بھی جماعت یا مختلف اراکین کو مل کر حکومت بنانے کیلئے کم از کم 46 نشستیں درکار ہوں گی اور اس لحاظ سے کانگریس اتحاد جموں وکشمیر اور بے جی پی ہریانہ میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔
یادرہے کہمقبوضہ جموں و کشمیر میں ایک دہائی بعد ریاستی انتخابات منعقد ہوئے ہیں جب کہ ہریانہ میں بے جے پی نے لگاتار تیسری دفعہ میدان مارا ہے۔
جموں و کشمیر میں 2014 کے بعد یہ پہلا اسمبلی الیکشن ہے، جو تین مرحلوں میں کرایا گیا 18 ستمبر کو پہلے مرحلے میں 24 سیٹوں پر انتخابات ہوئے تھے، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں 26 سیٹوں پر انتخابات ہوئے تھے۔ بقیہ 40 سیٹوں پر ووٹنگ کا آخری مرحلہ یکم اکتوبر کو ہوا تھا۔ 90 رکن اسمبلی میں سبھی سیٹوں پر میدان میں اترنے والےامیدواروں کی تعداد 873 تھی ۔
الیکشن؛ مقبوضہ کشمیر میں نیشنل کانفرنس –کانگریس اتحاد، ہریانہ میں بی جے پی کامیاب








