اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ افغان جنگ میں الجھنا تاریخی غلطی تھی،بانی پی ٹی آئی بات نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں بھی شوق نہیں۔
خواجہ آصف نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان جب بھی ٹیک آف کرنے لگتا ہے تو ایسا سلسلہ شروع ہوتا ہے، بانی پی ٹی آئی انٹرنیشنل لابیز کے پلانٹڈ ہیں اور خیبر پختونخوا کے وسائل استعمال کر کے اسلام آباد پر چڑھائی کی گئی۔
ان کاکہناتھا کہ کراچی میں چینی باشندوں پر حملہ ہوا۔ جبکہ 2014 میں چینی صدر نے آنا تھا تو یہی سارا کچھ کیا گیا۔ خواجہ آصف کے مطابق انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ کو جلسے پر بلایا یہ کیا سلسلہ ہے جب کہ بھارت ہمارا دشمن ہے لیکن اس کے حوالے سے ایسی بات کی گئی آپ کرائے پر لوگ لے کر آرہے ہیں لیکن آپ کو کسی شہید کے گھر جانے کی توفیق نہیں ہوتی آپ کو اسلام آباد آنے کی توفیق ہوتی ہے۔
ان کاکہناتھا کہ یہ کسی شہید کے گھر نہیں جاتے اور نہ جنازے میں شرکت کرتے ہیں،پی ٹی آئی، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی پاکستان پر حملہ آور ہیں جب کہ ایک بار پھر ایس سی او اجلاس کو ملتوی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور یہ دھرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ان سے درخواست کی گئی ایس سی او کے بعد احتجاج کریں لیکن انہوں نے کہا ہم نے کانفرنس سے 2 دن پہلے احتجاج کرنا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا اگر نہیں روکا نہ جاتا تو اس وقت ڈی چوک پر وہ بیٹھے ہوتے۔ جبکہ ان کا 2014 میں سانحہ اے پی ایس کی وجہ سے دھرنا ختم ہوا تھا۔ پچھلے تین دنوں میں انکے حوالے سے عوامی رائے تبدیل ہوئی ے کیونکہ ایک شخص جو لیڈ کر رہا تھا وہ 24 گھنٹے کیلئے غائب ہو گیا۔ علی امین گنڈا پور نے پہلے سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کرایا اور پھر ہری پور سے خیبر پختونخوا پہنچ گئے۔ انہوں نے جو بیانیہ دیا تھا وہ سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کرنے کے بعد دیا۔
خواجہ آصف نے کہاکہ گزشتہ3 دنوں میں ان کی لیڈر شپ ایکسپوز ہوئی ، پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کہاں تھے؟ انہیں احتجاج کی قیادت کرنی چاہیے تھی۔ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ کہتے رہے کہ میں اسٹیبلشمنٹ سے بات کروں گا۔ اور بانی پی ٹی آئی کو پتہ ہے گنڈاپور کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ہیں یہ پورا زور لگا رہے ہیں لیکن جب گریں گے تو دھڑم سے گریں گے۔
ان کاکہناتھا کہ یہ سارا اسکرپٹ پاکستان میں تیار نہیں ہوا۔ پی ٹی آئی نے فلسطین پر بلائی گئی اے پی سی کا بائیکاٹ کیوں کیا ؟۔ جبکہ اے پی سی میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں موجود تھیں۔ فلسطین پر کہیں بھی کانفرنس ہو رہی ہو آپ کو وہاں جانا چاہیے۔
وزیردفاع نے کہا وزیر اعظم نے اقوام متحدہ میں ٹھوک کر تقریر کی اور فلسطین کا مسئلہ اٹھایا۔ جبکہ ہمیں پتہ تھا آئی ایم ایف کا مسئلہ پینڈنگ ہے اور ہمیں رسک تھا ہم بات کریں گے تو آئی ایم ایف میں مسئلہ ہو گا۔
آئینی ترمیم سے متعلق انہوں نے کہا آئینی ترامیم کی جنگ ایک علیحدہ جنگ ہے اور دہشتگردی ایک قومی مسئلہ ہے کسی ایک کا نہیں کیا یہ دہشت گردی کے موضوع ہر کسی دن بولے۔ آئینی ترمیم کی بڑی سیاسی اہمیت ہے اور آئینی ترامیم کا پہلا والا مسودہ طویل تھا جو ہم نے کم کیا ہے۔ آئینی ترمیم کا مسودہ میڈیا پر بھی جلد آجائے گا۔
وزیردفاع نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی بات نہیں کرنا چاہتے تو ہمیں بھی شوق نہیں۔ بانی پی ٹی آئی کا کیس ملٹری کورٹ میں جا سکتا ہے۔ کیونکہ انہوں نے ایک اور 9 مئی کرنے کی کوشش کی۔ یہ سسٹم کو بریک ڈاؤن کی طرف لے کر جانا چاہتے ہیں۔
ایک اورانٹرویومیں خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اکتوبر میں الیکشن 2024ء کے آڈٹ کا خدشہ موجود ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ خدشہ موجود ہے کہ عدلیہ میں تبدیلی آنے کے بعد عام انتخابات کا آڈٹ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب پہلی بار یہ بات کہی تھی تو انہیں اس بات کے اشارے ملے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اکتوبر میں الیکشن آڈٹ کا خدشہ موجود ہے، دعا ہے یہ لڑائی آگے نہ بڑھے، معاملات انتہائی سنگین ہوسکتے ہیں۔







