بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

  26ویں آئینی ترمیم پر خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ،کیا صرف چائے پینے آئے تھے ؟بیرسٹرگوہر

 اسلام آباد(اصغر چوہدری)26ویں آئینی ترمیم کے لیے قائم قو می اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس بے نتیجہ ختم ، آئینی ترامیم پر کوئی اتفاق نہ ہونے سے ڈیڈ لاک تاحال برقرار،موالانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسودہ ابھی ملا ،جائزہ لے کر اتفاق رائے کی کوشش ہو گی ،تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہنگامی اجلاس بلایا گیا ،کیا صرف چائے پینے آئے تھے ؟پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج(ہفتہ کو )دوبارہ ہوگا ۔جمعہ کو چیئرمین خصوصی کمیٹی سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ،پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔اجلاس میں پیپلز پارٹی ،پی ٹی آئی ،مسلم لیگ ن اور جمعیت علماءاسلام نے اپنا مسودہ بھی سامنے رکھا ہے ،ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے آئینی ترمیم کے حوالے سے اپنا مسودہ کمیٹی کے سامنے رکھا ہے ،پارلیمانی ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے مسودے میں آئین کے آرٹیکل 175 اے اور 199 میں ترامیم کی تجویز کی ہیں، وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے علاوہ 4 صوبائی آئینی عدالتوں کے قیام کی تجویز بھی دی گئی ہے، مسودے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد جبکہ صوبائی آئینی عدالتیں ہر صوبے میں ہونی چاہئیں۔ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس میں حکمران اتحاد اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے تاہم بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا ہے اسی لیئے چھٹی کے باوجود ہفتہ کو کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا ہے ۔بعد ازاں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پارلیمانی کمیٹی کا تفصیلی اجلاس ہوا۔ پیپلز پارٹی کا مسودہ ہم نے کمیٹی میں پیش کیا۔ حکومت نے بھی وکلاءتنظیموں کے ساتھ ہونے والی مشاورت اور تجاویز سے آگاہ کیا۔ آئینی عدالت اور ججوں کے تقرر کے طریقہ کار کے حوالے سے وکلاء تنظیموں کا موقف پیش کیا گیا جبکہ حکومت نے بھی اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔چئیرمین پی پی پی کا مزید کہنا تھا اپوزیشن جماعتوں نے بھی آئینی ترمیم پر تبصرہ کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر متفقہ مسودہ تیار کرنے کا عزم دہرایا۔ امید ہے اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بامعنی گفتگو ہو گی۔ حکومت بھی پر عزم ہے۔ وزیر قانون نے واضح کیا کہ دو تہائی اکثریت کے لیے نمبر پورے ہیں تاہم حکومت نمبر پورے ہونے کے باوجود تمام جماعتوں سے مشاورت چاہتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اپنا زور لگانے کے بجائے اتفاق رائے چاہتی ہے۔ پوری کوشش ہو گی کہ تمام جماعتوں سے مشاورت کر کے متفقہ مسودہ لا سکوں۔اگر اتفاق رائے نہ ہوا تو حکومت کا یہ موقف کہ وقت ضائع نہ کیا جائے درست ہو گا۔اجلاس کے بعد جمعیت علماءاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے بتایا کہ اجلاس میں حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کا ڈرافٹ کمیٹی میں پیش کردیا۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیمی مسودہ کمیٹی کے سامنے رکھا، کوشش ہے کہ اتفاق رائے پیدا کیا جائے، لیکن ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کب تک اتفاق رائے ہوجائے گا۔ابھی ہم اس کا جائزہ لینگے ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ہم نے اپنی اور بار باڈیز کی تجاویز سامنے رکھی ہیں، یہ وہی ڈرافٹ ہے جس میں آئینی عدالت کے قیام کی بات ہے، اس میں بتایا گیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کو کیسے ہونا چاہیے ججز کے احتساب کا نظام کیسا ہو، جو ججز کام نہیں کرتے ان کے خلاف کوئی قانون ہونا چاہیے، آج یہ ساری چیزیں پھر کمیٹی میں شیئر کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مسودہ دیکھنے کے لیے وقت مانگا ہے رائے نہیں دی، ہم نے بار بار کہا کہ آپ ڈرافٹ پر اپنی رائے دیں، مولانا فضل الرحمان نے بھی اپنا مسودہ ابھی تک نہیں دیا۔وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کمیٹی کی کوشش ہو گی کہ تمام جماعتوں کا مو¿قف سنا جائے، کوشش ہے اٹھارویں ترمیم کی طرح مشترکہ مسودے پر متفق ہو جائیں۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا میں دعا کرنے جا رہا ہوں کہ بہتری ہو، میں یقین رکھتا ہوں کہ دعاؤں کا بہت بڑا اثر ہوتا ہے، اللہ سے جب رابطہ رکھتے ہیں تو اس میں بہتری ہوتی ہے۔اجلاس میں جے یو آئی (ف) کی شاہدہ اختر علی، پی پی کی شیری رحمٰن ، مسلم لیگ ضیاءکے اعجاز الحق، پیپلز پارٹی کے سینیٹر رانا محمود الحسن ، سینیٹر عبدالقادر بھی،سینیٹر عرفان صدیقی، انوشہ رحمٰن، سینیٹر کامران مرتضیٰ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔پی ٹی آئی سے بیرسٹر گوہر، صاحبزادہ حامد رضا،عامر ڈوگر، راجا ناصر عباس شامل تھے۔