لاہور(شوبز ڈیسک)پاکستانی اداکار عماد عرفانی نے مقبول ترین ڈرامے ‘کبھی میں کبھی تم’ میں ‘عدیل’ کا کردار نبھانے کی اصل وجہ پر سے پردہ ہٹا دیا۔
حال ہی میں اداکار عماد عرفانی نجی ٹی وی کے پروگرام ’گپ شب‘ میں شریک ہوئے جس میں انہوں نے کریئر سمیت مخلتف معاملات پر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران ایک مداح کی جانب سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے ڈرامے کا انتخاب کہانی کی وجہ سے کیا یا کاسٹ کی وجہ سے؟
جس کا جواب دیتے ہوئے عماد نے بتایا کہ ڈرامے کے ہدایتکار نے پہلی بار انہیں 2022 کے اختتام پر ’کبھی میں کبھی تم‘ میں کردار ادا کرنے کی پیش کش کی تھی لیکن اس وقت وہ ایک فلم کی شوٹنگ میں مصروف تھے۔
انہوں نے بتایا کہ پھر 15 ماہ بعد ہدایتکار نے ان سے دوبارہ رابطہ کیا اور ان سے ان کی دستیابی کے بارے میں پوچھا، جس پر انہوں نے اس رول کے لیے ان پر غور کرنے کے لیے ہدایتکار کا شکریہ ادا کیا۔
جس پر ہدایتکار بدر محمود نے بتایا کہ انہوں نے اس کردار کے لیے صرف ان کے نام پر غور ہی نہیں کیا بلکہ ان کا انتظار بھی کیا۔
عماد نے بتایا کہ پھر انہوں نے ہدایت کار سے ڈرامے کی کاسٹ میں شامل دیگر اداکاروں کےبارے میں پوچھا۔
اداکار کے مطابق ہدایتکار نے انہیں بتایا کہ ڈرامے میں ان کے چھوٹے بھائی کا کردار فہد مصطفیٰ ادا کریں گے لیکن ساتھ ہی انہوں نے اس بات کو خفیہ رکھنے کی بھی ہدایت کی تھی۔
جس پر عماد عرفانی نے بتایا کہ انہوں نے فہد مصطفیٰ کا نام سنتے ہی ڈرامے میں کام کرنے کی حامی بھرلی کہ فہد نے انتخاب کیا ہے تو اسکرپٹ اچھا ہی ہوگا۔
عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کو اپنا ہیرو قرار دیا اور کہا کہ فہد مصطفیٰ ان چند اداکاروں میں سے ایک ہیں، جن کے کام سے وہ بہت متاثر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ کے ساتھ بطور اداکار کام کر رہے ہیں، اس سے پہلے وہ انہیں صرف پروڈیوسر کے طور پر جانتے تھے۔
ان کے مطابق انہیں معلوم تھا کہ فہد مصطفیٰ بڑے پروڈیوسر بھی ہیں لیکن انہوں نے کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کیا تھا۔
خیال رہے کہ ’کبھی میں کبھی تم‘ میں عماد عرفانی نے فہد مصطفیٰ کے بھائی عدیل کا کردار ادا کیا ہے جو پیسوں کی لالچ میں آکر امیر لڑکی سے شادی کرلیتے ہیں، تاہم اس کے باوجود وہ اپنے معاشقوں سے باز نہیں آتے۔
ڈرامے میں عماد کو ایک خود پسند اور موقع پرست شخصیات کا مالک دکھایا گیا ہے جو کسی کو بھی دھوکا دے سکتا ہے۔
ڈرامے میں فہد مصطفیٰ اور عماد عرفانی کے علاوہ ہانیہ عامر، نعیمہ بٹ، بشریٰ انصاری اور جاوید شیخ سمیت دیگر اداکاروں نے کردار ادا کیے ہیں۔









