بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بابا صدیق کے قتل کی خبر سن کر سلمان خان کا بڑا اقدام

ممبئی(شوبز ڈیسک)کانگریسی لیڈر اور سابق رکنِ اسمبلی بابا صدیق کے قتل کی خبر سن کر سلمان خان نے فی الفور بڑا اقدام اٹھالیا۔

سلمان خان گزشتہ کئی سالوں سے تنازعات سے بھرپور شو بگ باس کی میزبانی کرتے چلے آرہے ہیں اور اس شو کیلئے وہ اپنے دیگر پراجیکٹس کے ساتھ کامپرومائز کر لیتے ہیں پر بگ باس میں رونق لگاتے رہتے ہیں۔

سلمان خان بیمار ہونے کے باوجود بھی اکثر بگ باس کے اسٹیج پر میزبانی کے فرائض سر انجام دیتے دکھے البتہ شدید علالت یا بے حد ضروری کام کی وجہ سے ہی کبھی کسی اور کو اپنی جگہ کھڑے ہونے کا موقع دیا لیکن کبھی بھی بگ باس کا شو بیچ میں روک کر کہیں نہیں گئے۔

گزشتہ رات 12 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں رام مندر کے قریب بابا صدیق کو بیٹے ذیشان صدیق کے دفتر سے روانہ ہوتے وقت قاتلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بابا صدیق کو 3 گولیاں لگیں، انہیں تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق باباصدیق پر فائرنگ کے واقعے کے بعد 2 افراد کو حراست میں لےلیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ خبر جیسے ہی سلمان خان تک پہنچی انہوں نے بگ باس ویکنڈ کا وار ایپی سوڈ کی شوٹنگ بیچ میں رکوادی اور فی الفوار وہاں سے روانہ ہوگئے۔

یاد رہے کہ سلمان خان اور بابا صدیق کا تعلق پُرانا ہے اور اسی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے سلمان خان ہر سال بابا صدیق کے خاص افطار میں لازمی شرکت کرتے تھے۔

سلمان خان جو بگ باس کی شوٹنگ بیماری میں بھی بیچ میں نہیں روکتے بابا صدیق پر قاتلانہ حملے کی خبر سن کر خود کو وہاں روک نہ سکے اور ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال انکی فیملی کے ساتھ کھڑے ہونے پہنچ گئے۔

سوشل میڈیا پر سلمان خان کی ہسپتال پہنچنے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں جن میں انکو سنجیدہ دیکھا جاسکتا ہے اور بابا صدیق کے جانے کا درد انکے چہرے پر واضح طور پر عیاں ہے۔

بابا صدیق کون ہیں؟

بابا صدیق 1999، 2004 اور 2009 میں لگاتار تین بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں اور اس سے قبل مسلسل دو مرتبہ (1992–1997) میں میونسپل کارپوریٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

بابا صدیق کی شادی شہزین صدیق سے ہوئی ہے اور ان کے دو بچے بیٹی ڈاکٹر عرشیہ اور بیٹا ذیشان ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی دوستی کئی بالی وڈ اداکاروں سے بھی ہے جن میں شاہ ر خ خان، سلمان خان، سنجے دت اور دیگر شامل ہیں۔

بابا صدیق کی افطار پارٹی کئی سالوں سے مشہور ہے، پہلے اس میں صرف سیاست دان ہی آتے تھے لیکن آہستہ آہستہ انہوں نے بالی وڈ کی مشہور شخصیات کو بھی مدعو کرنا شروع کر دیا اور ان کی افطار پارٹی اور بھی مقبول ہو گئی۔