واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک)امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ٹیکساس کے درمیان آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل اور کھیل سمیت مختلف شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کرنے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ کی مارکیٹ کے ساتھ پاکستان نہ صرف خطے بلکہ دنیا کی بڑی معیشتوں کے لیے اقتصادی راہداری کے طور پر کام کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی امریکہ کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔ وہ پاکستان میں اقتصادی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے سلسلے میں اپنے ہم منصبوں کی معاونت کر سکتے ہیں۔
سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے یہ باتیں ٹیکساس کے تین روزہ دورے کے دوران ڈیلاس اور ہیوسٹن میں ٹیکساس کی قیادت، تاجر برادری اور پاکستانی تارکین وطن سے ملاقاتوں کے دوران کہیں۔
اس دورے کا مقصد ٹیکساس کی قیادت کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنا تھا تاکہ مختلف شعبوں میں پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے امکانات تلاش کیے جا سکیں اور اس کے ساتھ ساتھ ٹیکساس میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ملاقات کرنا تھا۔
اپنے دورے کے پہلے دن، سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ٹیکساس کے گورنر گریگ ایبٹ سے ملاقات کی جس میں آئی ٹی، زراعت، ٹیکسٹائل اور کھیل جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ دنیا کی آٹھویں بڑی معیشت کے طور پر، ٹیکساس پاکستان کے لیے اہم تجارتی اور اقتصادی مواقع فراہم کرتا ہے۔
ہیوسٹن میں، سفیر رضوان سعید شیخ نے انٹرنیشنل اکیڈمی آف لیٹرز کے زیر اہتمام پہلے دو روزہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کا افتتاح کیا۔ اپنے ریمارکس میں سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے فن، ادب، عوا می روابط اور عوامی سفارت کاری کے کردار کو اجاگر کیا ۔
قبل ازیں، سفیر نے جماعت خانہ میں اسماعیلی برادری کی قیادت سے ملاقات کی اور عزت مآب آغا خان کی رہنمائی میں ان کی خدمات کو سراہا۔
بعد ازاں سفیر پاکستان نے کانگریس مین ال گرین اور سفارتی برادری کے اراکین کے ہمراہ پاکستان کے لیے طبی آلات کے دو کنٹینرز کی روانگی کی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ہیوسٹن-کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن، میڈیکل برجز، الائنس فار ڈیزاسٹر ریلیف، اور ہیلپنگ ہینڈ کی فلاحی اور امدادی کوششوں کو سراہا۔
سفیر پاکستان نے ابن سینا فاؤنڈیشن کے زیر انتظام کلینکس کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں گریٹر ہیوسٹن میں فاؤنڈیشن کی خدمات کے بارے میں بتایا گیا۔
ڈیلاس میں سفیر پاکستان نے کانگریس مین لانس کارٹر گوڈن کے ساتھ ظہرانے پر ملاقات کی جہاں انہوں نے پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات، سیکورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور علاقائی اور عالمی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
سفیر رضوان شیخ نے پاکستان چیمبر آف کامرس یو ایس اے سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے پاکستان کی تجارت اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کیا ۔
پاکستانی تارکین وطن کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران سفیر پاکستان نے پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور امریکہ میں پاکستان کا مثبت امیج پیش کرنے کے حوالے سے کمیونٹی کی خدمات کو سراہا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہماری کمیونٹی پاک امریکہ تعلقات کی سب سے پائیدار کڑی ہے۔ ہمارے لوگوں نے نہ صرف اپنے متعلقہ شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ یہاں امریکہ میں ملک کا ایک مثبت امیج بھی پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پاک امریکہ تعلقات سے نہ صرف ہمارے دونوں ممالک بلکہ ہماری کمیونٹی کی آنے والے نسلوں کو بھی فائدہ ہوگا۔
سفیر پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی روابط کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا اور اس ضمن میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصلیٹ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کمیونٹی کی گرانقدر خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ریاست ٹیکساس میں مقیم مقامی میڈیا میں سفیر کے ہیوسٹن کے دورے کو وسیع کوریج ملی۔
پاکستان خطے اور عالمی معیشتوں کے لیے اقتصادی راہداری فراہم کرنے لئے تیار ہے، رضوان سعید شیخ







