بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کیلئے شاندار اقدامات کیے،سیکرٹری جنرل  جانگ منگ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کا کامیابی سے انعقاد کیا گیاجب کہ سیکرٹری جنرل ایس سی او جانگ منگ نے کہا کہ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کیلئے شاندار اقدامات کیے، ایس سی او کی کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ایس سی او اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، 23 ویں ایس سی او سربراہی اجلاس کا انعقاد پاکستان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔
ان کاکہناتھا کہ وہ تمام برادرانہ ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے اس اجلاس میں شرکت کی، ہم ان ممالک کے اجلاس میں مثبت کردار ادا کرنے کو سراہتے ہیں۔
محمداسحاق ڈار نے کہا گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستان نے اجلاس کے صدر کے طور پر علاقائی تعاون کو فروغ دینے، ماحولیاتی تحفظ، غربت کے خاتمے، نوجوانوں کو بااختیار بنانے جیسے اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے تمام رکن ممالک کیساتھ تعاون کرتے ہوئے علاقائی ترقی میں پائیدار کردار ادا کرنے کے لیے فعال کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں ایس ای او کے متعلقہ فورمز نے تعاون کے نئے شعبوں پر کام کرنے کے لیے اتفاق کیا  ۔
اسحاق ڈارنے کہاکہ ان شعبوں میں معاشی ترقی کے لیے اور معیشت کے فروغ کے لیے فریم ورک طے کرنے کے حوالے سے نئے شعبوں کا قیام عمل میں لانا ہے۔
انہوں  نے کہا کہ اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آج اپنے بیان میں واضح طور پر پاکستان کی جانب سے ایس سی او کے چارٹر میں درج مقاصد کو حاصل کرنے کا اعادہ کیا۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ سربراہان نے تنازعات کے باعث بین الاقوامی سرمایہ کاری میں کمی کا خدشہ ظاہر کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنرل ایس سی او جانگ منگ نے کہا کہ پاکستان نے ایس سی او کے کامیاب انعقاد کیلئے شاندار اقدامات کیے، ایس سی او کی کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

جانگ منگ نے کہا کہ پاکستان ایس سی او کا متحرک اور اہم رکن ہے، اجلاس میں ایس سی او کے ترجیحی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی، اجلاس میں اکنامک کے نئے ڈائیلاگ کے تصور کو اپنایا گیا۔
جانگ منگ نے کہاکہ اجلاس میں تجارت کیلئے مقامی کرنسی اور پروجیکٹ فنانسنگ پر غور کیا گیا، آستانہ سمٹ میں لیے گئے فیصلوں پر بھی موجودہ اجلاس میں غور کیا گیا۔