بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

 ایس سی او  کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا  ، عطاءاللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہاہے کہ الحمد اللہ ! ایس سی او سربراہ کانفرنس کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی  ، ایس سی او سربراہ کانفرنس کے کامیاب انعقاد سے پاکستان کا عالمی سطح پر تشخص بحال ہوا ہے، آنے والے مہمانوں نے خطے میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔
ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ مہمانوں نے ایس سی او سربراہ کانفرنس کے انتظامات کی بھی تعریف کی، وزارت خارجہ، اطلاعات سمیت تمام اداروں نے ایس سی او سربراہ اجلاس کیلئے اہم کردار ادا کیا، 27 سال بعد پاکستان میں ایک اہم بڑا ایونٹ منعقد ہوا ہے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان کے معاشی اشاریئے بہتر ہو رہے ہیں، آنے والے دنوں میں عوام کے لئے مزید خوشخبریاں آئیں گی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ ایس سی او سربراہ کانفرنس کے موقع پر اہم دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں، تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے مختلف ممالک سے بات چیت چل رہی ہے، انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کے وژن کے تحت کامیاب ایس سی او کانفرنس کا انعقاد ہوا،آکسفورڈ کے چانسلر کے انتخابات کے حوالے سے بھی اہم خبر آئی ہے، وزیر اطلاعات نے کہاکہ مہذب معاشروں کے اندر قانون و آئین کی بالادستی ہوتی ہے، مقدمات میں ملوث افراد کو ایسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوتی، آکسفورڈ یونیورسٹی نے عمران خان کو امیدواروں کی فہرست میں شامل نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک انتشار نے آئینی ترامیم پر دھمکیاں دینا شروع کر دی ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو یاد رکھیں نشان عبرت آپ نہیں اسٹیٹ بنائے گی، وزیر اطلاعات نے کہاکہ کسی کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے آئی ایم ایف کو خطوط لکھے، 9 مئی کو حملے کئے اور شہداءکی یادگاروں کو مسمار کیا، ایس سی او کانفرنس کے دوران احتجاج کی کال دی، یہ غیر سنجیدہ دھمکی ہے، ان کے اندر اتحاد و اتفاق نہیں، یہ آپس میں لڑے ہوئے لوگ ہیں، ان کے آپس کے اختلافات ہیں، وزیر اطلاعات نے کہاکہ اب لوگوں کو دھمکا رہے ہیں، جنہوں نے ملک کے ساتھ غدداری کی ان کی مثالیں سب کے سامنے موجود ہیں، اپنے دور حکومت میں انہوں نے جو ملک کے ساتھ کیا وہ قوم جانتی ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں، کوئی سیاسی جماعت ملک سے بڑی نہیں، وزیر اطلاعات نے کہاکہ امن و سکون سے معاملات آگے بڑھیں گے، معیشت ترقی کر رہی ہے، خارجہ پالیسی پر ہم آگے بڑھے ہیں، جلاؤ گھیراؤ اور لوگوں کو دھمکانے والے عناصر کے خلاف ریاست آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی۔