بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کشمیر پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے موقع پر واضح پیغام دیا جائے گا،امیر مقام

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک خصوصی جائزہ اجلاس کی صدارت کی اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس دن کو مؤثر اور بھرپورطریقے سے منانے کے لیے باہمی تعاون اور ہم آہنگی سے کام کریں۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیر پاکستانیوں کے دلوں میں بستا ہے اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے دنیا کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ قبضہ کر رکھا ہے جسے کشمیری عوام نے مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا. وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کے معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس ہونی چاہیے. انہوں نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ 76 سالوں سے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کر رکھا ہے۔ 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدام کے بعد کشمیریوں کو دیوار سے لگا دیا گیا. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیریوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچائی جائے گی اور پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ یوم سیاہ بھرپور انداز میں منانے کیلیے اقدامات کریں کیونکہ یہ وہ سیاہ دن ہے جس دن بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر پر قبضہ کیا تھا ۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے اور مسئلہ کشمیر زندہ ہے اور آزادی تک ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔وفاقی وزارتوں، صوبائی حکومتوں، گلگت بلتستان اور۔ آزاد جموں و کشمیر حکومتوں کے نمائندوں نے وفاقی وزیر کو یوم سیاہ کی تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی۔اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کو جہاد قرار دیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم شہباز شریف کی تقریر اور مسئلہ کشمیر کی وکالت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندے ملک بھر اور آزاد جموں کشمیر میں یوم سیاہ کی ریلیوں میں شرکت کریں گے۔اجلاس میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر چیپٹر کے کنوینر غلام محمد صفی، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر امور کشمیر و گلگت بلتستان شبیر احمد عثمانی، پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان انوار الحق چوہدری، جوائنٹ سیکرٹری امور کشمیر حامد خان جوائنٹ سیکرٹری کشمیر کونسل علی اکبر خٹک اور جوائنٹ سیکرٹری گلگت بلتستان کونسل سدھیر خٹک اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں اطلاعات و نشریات، مواصلات، تعلیم، ریلوے، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں کے علاوہ آئی سی ٹی انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔