اسلام آباد: بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان نے مجوزہ آئینی ترامیم کی حمایت میں ووٹ دینے کا عندیہ دے دیا ۔
سینیٹر نسیمہ احسان نے اچانک وزیراعظم کے ظہرانے میں شرکت کی۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر نسیمہ احسان نے کہا پارٹی نے ترمیم پر ووٹ نہ کرنے کا کہا ہے مگر جب بل لے آئیں گے تو دیکھا جائے گا، آج ہوگی ترمیم تو ووٹ کریں گے یا جب بھی ہوگی تو کریں گے، جب ترمیم ایوان میں آئے گی تو دیکھا جائے گا۔
اس سوال پرکہ کیا آپ کے بیٹے کو اغوا کیا گیا؟انہوں نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہوا مگر کچھ معاملات ہیں، سب کو معلوم ہے مجھ پر دباؤہے۔
اس کے بعد نسیمہ حیدر نے سینیٹ اجلاس میں شرکت کی جہاں وہ اظہار خیال کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔
انہوں نے سینیٹ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا ۔
نسیمہ احسان نے کہا کہ اگر مل بیٹھ کر بات کی جائے تو بہتر ہوگا کہ مسائل کا حل ہو، کوئی ایسا مسئلہ نہیں جس کا بیٹھ کر حل نہ نکالا جا سکے۔
جس پر چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ اگر آپ یہاں بات نہیں کر سکتیں تو چیمبر میں آئیں مجھ سے بات کریں۔
خواتین اراکین سینیٹ نے بھی سینیٹر نسیمہ احسان کو دلاسہ دیا۔
جےیو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے نسیمہ احسان کے آبدیدہ ہونے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا اس اسمبلی اس ایوان کے اراکین کے ساتھ کیا ہو رہا ہے؟ کسی ماں بہن کے بچے کو اٹھا کر ووٹ لینے سے کیا حاصل ہوگا۔
کامران مرتضیٰ نے کہاسردار اختر مینگل پارلیمنٹ سے مستعفی ہو چکے ہیں، اب اس خاتون بہن کو بھی اسی طرح ایوان سے نکالنا چاہتے ہیں، ہم بلوچستان والوں کو جینے دیا جائے، کل وہ گئے، آنے والے کل کوئی اور جائے گا، بچوں کو اغوا کر کے ووٹ نہیں لیا جا سکتا، آرام سے ووٹ لینے کی بات کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات اسلام آباد پولیس نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کے پارلیمنٹ لاجز میں موجود فلیٹ پر چھاپہ بھی مارا تھا، اس وقت بی این پی کے قائم مقام صدر ساجد ترین لاجز میں موجود تھے۔
اختر مینگل نے دعویٰ کیا تھا کہ اسلام آباد سے ا کی پارٹی کے سینیٹر کو اغواء کرلیا گیا ۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری اپنے ایک بیان میں اختر مینگل نے کہا کہ میری پارٹی کے سینیٹر قاسم رونجو اسلام آباد میں ڈائیلاسز کرانے گئے تھے جہاں سے انہیں بیٹے سمیت اغوا کرلیا گیا۔
اختر مینگل نے لکھا کہ اس کے علاوہ میری پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اپنے اپارٹمنٹ تک محدود ہیں اور ان کے بیٹے کو بھی اغواء کرلیا گیا ۔
بی این پی سربراہ نے لکھا کہ اسلام آباد میں میرے اپارٹمنٹ پر بھی چھاپہ مارا گیا، ’کیا جمہوریت ایسی ہوتی ہے؟
سینیٹر نعیمہ احسان کا نم آنکھوں سے آئینی ترمیم کیلئے ووٹ دینے کا اعلان







