اسلام آباد:وزیراعظم محمدشہبازشریف نے جے یوآئی کے سربراہ مولانافضل الرحما ن کی رہائشگاہ پر موجود حکومتی ٹیم سے رابطہ کیا ،وزیراعظم نے حکومتی ٹیم کے ساتھ اہم سیاسی امور پرمشاورت کی ۔انہوں نےآئینی ترامیم پر معاملات میں پیشرفت کاجائزہ لیا۔اس موقع پر حکومتی ٹیم نے وزیراعظم کو مولانافضل الرحمان کےساتھ ہونے والی بات چیت سے متعلق وزیراعظم کوآگاہ کیا۔
ادھر26ویں آئینی ترمیم کی اتفاق رائے سے منظوری کیلیے مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سیاسی مرکز بنی ہوئی ہے جہاں حکومت اور اپوزیشن اراکین کی وقفے وقفے سے آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیم کا حتمی مسودہ فضل الرحمان کو پیش کیا، سربراہ جے یو آئی ایف نے مسودہ وصول کرنے کے بعد مشاورت کیلئے ایک روز کا وقت مانگ لیا ۔
حکومت کی جانب سے حتمی مسودہ مولانا فضل الرحمان کے حوالےکر دیا گیاہے ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر داخلہ محسن نقوی سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
اس سے پہلے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے دو بار ملاقاتیں کیں، پہلی ملاقات کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی پی اور جے یو آئی کے درمیان آئینی ترمیم پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے۔
بعد ازاں وزیر داخلہ محسن نقوی، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار دوسری بار، پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سید نوید قمر مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے۔ پھر وزیر قانون مولانا کے گھر پہنچے اور آئینی ترمیم کا حتمی مسودہ انہیں پیش کیا۔
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن، نوید قمر اور مرتضی وہاب نے بھی فضل الرحمان سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی۔
وزیراعظم کا مولانا کی رہائشگاہ پر موجود حکومتی ٹیم سے رابطہ ،آئینی ترامیم پر معاملات میں پیشرفت کاجائزہ لیا







