پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر نے کہاہے کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، انکی پارٹی رکنیت فوراً معطل کر دینی چاہئے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو چھوڑا نہیں جائے گا۔
گزشتہ رات 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد اسد قیصر نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کل اندھیرے آئینی ترمیم کو غیرآئینی طریقے سے منظور کیا گیا، یہ ترمیم غیر اخلاقی اور اداروں کے درمیان مزید محاذ آرائی کا باعث بنے گی، اس ترمیم کو اتنی جلدبازی سے پاس کرانے کی کیا ضرورت تھی؟
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ سب جانتے ہیں کس طرح ووٹ کو غیر آئینی طور پر خریدا گیا، ووٹ کو عزت دو والوں نے ووٹ کی بے حرمتی کی، ممبران پیسوں کے عوض بِک گئے، پارلیمنٹ کی بے توقیری کی گئی، چادر اور چار دیواری کی پامالی ہوئی، ترمیم کو سینٹ سے بھی غیر آئینی اورغیر قانونی طور پر پاس کیا گیا، خیبر پختونخوا فیڈریشن کی اکائی ہے جس کے سینیٹرزکی نمائندگی نہیں تھی، اس بل کو ایک نامکمل نمائندگی سے سینیٹ سے پاس کرایا گیا۔
ا ن کاکہناہے کہ بلاول سے سوال ہے کہ کیا یہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت ہے، ممبران کو خرید کر ڈرا دھمکا کر ان کی بہن بیٹیوں کو اٹھا کر ترمیم پاس کرائی گئی۔
اسد قیصر نے کہا کہ ہمارے جتنے سینیٹرز اور ایم این ایز نے اپنے ضمیر کا سودا کیا اور بک گئے وہ سارے غدار ہیں، بکنے والوں نے پارٹی کے ساتھ ساتھ بانی پی ٹی آئی اور قوم سے بھی غداری کی ہے، ان غداروں سے قوم خود حساب لے گی، پارٹی کو ان غداروں کے خلاف سخت ایکشن لینا چاہئے، ان کی پارٹی رکنیت فوراً معطل کر دینی چاہئے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ٌر جیتنے والے چار ایم این ایز نے قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دئے تھے، جبکہ شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا تھا کہ مزید ایم این ایز بھی غداری کیلئے تیار تھے۔
ان کاکہناہے کہ ان تمام ایم این ایز اور سینیٹرز خاص کر پنجاب کے ایم این ایز اور سینیٹرز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو پارٹی اور بانی پی ٹی آئی کیساتھ ڈٹ کر کھڑے رہے، بانی پی ٹی آئی کی لڑائی ان غیر آئینی قوتوں کیخلاف ہے جو ملک میں آئین و قانون اور عوامی مفادات کیخلاف کام کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی جنگ قانون اور آئین کی بالادستی کیلئے ہے، یہ ایک لمبی جدوجہد ہے جس میں ہم بانی پی ٹی آئی کیساتھ کھڑے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا حوصلہ ہمت اور جرات اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ وہ اس حق اور سچ کی جنگ ضرور جیتے گا اور پوری قوم اس جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جنہوں نے اپنی وفاداریاں بدلیں ان سے حساب لیں گے، ہم انہیں چھوڑیں گے نہیں، اتنے آرام سے ہضم نہیں ہونے دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے اپنے پیغام میں کہا کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت نے عدلیہ پر حملہ کیا، مرضی کے بندے بٹھا کر فیصلےکریں گے تو ادارے آگے نہیں بڑھیں گے، رات کے اندھیرے میں ایک غیر آئینی اقدام کیا گیا، غیر آئینی ترمیم صرف اشرافیہ کو فائدہ دینے کے لیے کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ آج رات تک نام آجائیں گے کسی بندے کو نہیں چھوڑیں گے۔
وفاداریاں تبدیل کرنیوالوں کو چھوڑیں گے نہیں، نام رات تک سامنے آجائیں گے، علی امین گنڈاپور







