اسلام آباد(طارق محمودسمیر)26ویں آئینی ترمیم تحریک انصاف اور جمعیت علماء اسلام کا یکساں مؤقف لیکن کردارالگ الگ،تحریک انصاف نے سخت گیر پالیسی اپنااور آخری لمحات میں مولانافضل الرحمان کی ترمیم کی حمایت سے انکارکرکے سیاسی بارگیننگ کا نادرموقع گنوادیا،آئینی ترمیم کے لئے گزشتہ دوماہ سے باتیں چل رہی تھیں اور جب پارلیمنٹ کی حدودسے پی ٹی آئی کے بعض ارکان کے اغواء یاگرفتاری کے معاملے پرسخت نوٹس لیتے ہوئے سپیکرایازصادق نے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی لیکن اس معاملے پر ابتدائی تفتیش میں کچھ نہیں ہوامگرسیدخورشیدشاہ کی سربراہی میں قائم اس کمیٹی نے مختصرعرصے میں آئینی ترمیم کے لئے عرق ریزی اور اسے متفقہ بنانے میں کلیدی کرداراداکیا،تحریک انصاف مسلسل مولانافضل الرحمان کیساتھ رابطوں اور ملاقاتوں میںرہی،ان کا دونکاتی ایجنڈاتھاایک یہ کہ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی مدت ملازمت میں توسیع نہ ہواس میں وہ کامیاب رہے کیونکہ بعض وجوہات کی بناپر مولانافضل الرحمان نے ججز کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت کرنے سے انکارکردیاتھاجس پر دوسراپلان بنایاگیااورپی ٹی آئی کی دوسری خواہش اور کوشش یہ تھی کہ یہ ترمیم کسی طرح پاس نہ ہو،مولانافضل الرحمان پی ٹی آئی کے ایجنڈے پر چلیں اور منصورعلی شاہ کسی طرح چیف جسٹس بن جائیں مگراس میںاسے پوری طرح ناکامی ہوئی،میری رائے میں اگر تحریک انصاف کی قیادت سیاسی چال چلتی اور اس ترمیم کاحصہ بنتی تو نہ صرف حکومت بلکہ اسٹیبلشمنٹ سے بھی بہت سے معاملات حتیٰ کہ عمران خان کے معاملے میں بھی ریلیف حاصل کرسکتی تھی جس کافائدہ آگے چل کر تحریک انصاف کو ہوتا،کیونکہ 2019 میں جب اس وقت کے آرمی چیف جنرل (ر)قمرجاویدباجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا معاملہ آیااور ن لیگ کے صدرنوازشریف سے لندن میں رابطہ کیاگیاتو نوازشریف نے غیرمشروط طور پر آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی حمایت کردی اور آگے چل کر ن لیگ کو اس کا فائدہ بھی پہنچا،مولانافضل الرحمان ،جو اس سارے عمل کے مرکزی کردارتھے اور وہ یہ کہتے تھے کہ آٹھ فروری کے انتخابات میں ان سے دھوکہ کیاگیاانہوں نے اپناموقف کھل کربیان کیالیکن آئینی ترمیم کے معاملے میں ایساکرداراداکیاکہ سب ان کے مداح بن گئے ہیں،اسٹیبلشمنٹ میں ہویاحکمران اتحادیاتحریک انصاف ،سب مولاناکی تعریفیں کررہے ہیں،مولانا نے ضد کی سیاست نہیں کی اور لچک دکھائی اسی ترمیم میں سود اور اسلامی نظریاتی کونسل سے متعلق ترامیم منظورکرواکراسلامی ذہن رکھنے والے ووٹروں اورحامیوں کے دل بھی جیت لیے۔تحریک انصاف کی قیادت اپنے ارکان کو سنبھال نہیں سکی ،اب پارلیمانی کمیٹی بن گئی ہے،جسٹس یحییٰ آفریدی کے چیف جسٹس بننے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے،دیکھتے ہیں کہ عدلیہ میں فوج کی طرز پر قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی مثال قائم ہوتی ہے یانہیں کیونکہ فوج میں اگرجونیئرآفیسربائی پاس ہوجائے توسپرسیڈہونے والے سینئرریٹائرہوجاتے ہیں ۔
ترمیم ،PTIنے سیاسی بارگیننگ کا نادرموقع گنوادیا







