بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فوجداری اور سول اپیل کے علاوہ تمام کیسز آئینی بینچ کو منتقل ہوجائیں گے

کراچی: معروف قانون دان اور سابق اٹارنی جنرل پاکستان منیر اے ملک نے کہاہے کہ آپ آئینی بینچز کو کوئی بھی نام دیں، وہ الگ عدالت ہی ہے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منیر ملک نے کہا کہ عدلیہ پہلے بھی آزاد نہیں تھی، سپریم کورٹ میں اب یہ تنازع ہے کہ کونسا کیس ریگولر عدالت میں جائے گا اور کونسا آئینی عدالت میں، سپریم میں ایسے کم ہی کیس ہوتے ہیں جس میں آئینی پہلو نہ ہو، آرٹیکل 4 اور 9 ہر درخواست میں ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجداری اور سول اپیل کے علاوہ تمام کیسز آئینی عدالت منتقل ہوجائیں گے، اگر زیر التوا کیسز کو کم کرنا مقصود تھا تو یہ بینچ کس طرح کیس ختم کریں گے۔

منیراے ملک نے کہا کہ بار نے ججز تعیناتی یا ریفارم پر کبھی اعتراض نہیں کیا، بار کا موقف ہمیشہ یہی ہے کہ پرچی پر کوئی نا آئے۔
ان کاکہناتھا کہ کنٹرولڈ جمہوریت کے بعد اب کنٹرولڈ عدلیہ ہے، بار نے ہمیشہ کالے قوانین کیخلاف جدوجہد کی، کہا جارہا ہے ناگ کا زہر نکال دیا گیا ہے، یہ ناگ عدلیہ کے گلا گھونٹ رہا ہے۔
منیراے ملک نے کہا کہ ریٹائرڈ ججز بھی اس جدوجہد میں سامنے آئیں، ماضی میں پرو اسٹبلشمنٹ فیصلے ہوتے تھے، افسوس ہے ہم زوال کی جانب جارہے ہیں، خوشی ہے کراچی بار یا سندھ بار کونسل تاریخی کردار ادا کررہے ہیں، ہماری جدوجہد عدالتوں میں بھی ہوگی اور سڑکوں پر بھی ہوگی۔