بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مخصوص نشستیں، ججز نے حتمی فیصلہ دیا نہ عملدرآمد کے پابند، توہین عدالت نہیں ہوسکتی، جسٹس فائز، جسٹس مندوخیل

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک) چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس جمال خان مندوخیل نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں(پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ)ارکان کی بنیاد پر تخلیق پانے والی خواتین اور اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستیں سنی اتحاد کونسل کو دینے کی بجائے دیگر پارلیمانی پارٹیوں کو الاٹ کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن /پشاو رہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیلوں میں اپنے مشترکہ اقلیتی فیصلے کی تفصیلات جاری کردیں۔فاضل ججوں نے کہا ہے کہ کیس کا حتمی فیصلہ ہوا ہی نہیں اس لیے اس پر عملدرآمد کے پابند نہیں اور فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر توہین عدالت کی کارروائی بھی نہیں ہوسکتی، پی ٹی آئی کا دعویٰ نہیں تھا کہ آزاد امیدوار انکے ہیں، اکثریتی فیصلے میں بنیادی چیزوں کو نظر انداز کیا گیا، ایسا لگتا ہے 8ججز نے اپنی الگ عدالت بنالی، 12جولائی کا مختصر اور 23 ستمبر کا تفصیلی فیصلہ، 14 ستمبر اور 8 اکتوبر کی وضاحتیں آئینی غلطیوں سے بھرپور ہیں، امید ہے اکثریتی ججز انہیں درست کرینگے، ملک کا نظام عوام کے منتخب نمائندے چلاتے ہیں، ججز کو ذاتی ترجیحات کے بجائے طے شدہ رولز کو مدنظر رکھنا چاہیے، ہمیں وہ کرنا چاہیے جو ہمارا آئین کہتا ہے۔ جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اقلیتی فیصلے میں علیحدہ سے ایک اضافی نوٹ بھی قلمبند کیا ہے ،انہوں نے14صفحات پرمشتمل اختلافی نوٹ میں قراردیا کہ آئینی خلاف ورزیوں اورکوتاہیوں کی نشاندہی میرا فرض ہے، توقع ہے اکثریتی جج اپنی غلطیوں پرغورکرکے انہیں درست کرینگے،فاضل ججوں نے اپنے 17 صفحات کے مشترکہ اقلیتی فیصلے میں قراردیا کہ ہمیں امید ہے کہ برادرجج یقینی بنائینگے کہ پاکستان کا نظام آئین کے ما تحت چلایا جائے ، بدقسمتی سے اکثریتی مختصرفیصلے کیخلاف دائر کی گئی نظرثانی کی درخواستوں کی سماعت ہی نہیں ہوسکی اوروہ سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوسکی ہیں ، سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر )کمیٹی کے اجلاس میں جسٹس منیب اور جسٹس منصور نے اس مقدمہ کے فیصلے کیخلاف دائر کی گئی نظرثانی کی درخواستوں کو مقررنہ کرنے کا موقف اپنایا تھا، امید کرتے ہیں کہ اکثریتی فیصلہ دینے والے جج اپنی غلطیوں کا تدارک کرینگے،انہوں نے قراردیا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کیخلاف نظرثانی کی درخواست موسم گرما کی تعطیلات کے بعد مقررکرنے کا کہا گیا تھا، دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں ہمارا آئین تحریری اورآسان فہم ہے لیکن اس کے باوجود اکثریتی فیصلے میں کیس کی بنیادی چیزوں کو نظر انداز کیا گیا ،ملک کا نظام عوام کے منتخب نمائندے چلاتے ہیں، ججوں کو ذاتی ترجیحات کی بجائے طے شدہ قواعد وضوابط کو مدنظررکھنا چاہیے، ہمیں وہ کرنا چاہیے جو ہمارا آئین کہتا ہے،فاضل ججوں نے قراردیا کہ ان حالات میں کوئی وجہ نہیں کہ ان 41 افراد کو پی ٹی آئی کا نامزد امیدوارتصور کیا جائے ؟مشترکہ فیصلے میں قراردیا گیا کہ جج مقدمات کا فیصلہ آئین اور قانون کے مطابق اور دستیاب مواد کی بنیاد پرکرتے ہیں، اس طرح کے کسی بھی دعوے کی حمایت ریکارڈ سے ہونی چاہیے جوکہ اس معاملے میں موجود ہی نہیں،مشترکہ فیصلے میں قراردیا گیا کہ یہ 41 امیدوار آزاد امیدوار ہی تھے، اکثریتی ججوں نے 41 آزاد امیدواروں کو یہ اختیاردیا کہ وہ پی ٹی آئی میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن نہایت احترام کیساتھ، ہم اکثریتی ججوں کے اس فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے اور ہم اس بات سے بھی اتفاق نہیں کرتے کہ 41 آزاد امیدواروں کو ایسا موقع فراہم کیا جائےکیونکہ ان ارکان نے پہلے ہی اپنے آئینی حق کا استعمال کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرلی تھی اور وہ اب 41 ارکان سنی اتحاد کے رکن ہیں، نہ تو آئین اور نہ ہی الیکشن ایکٹ ہمیں یہ اختیاردیتا ہے کہ ہم انہیں کسی اورسیاسی جماعت میں شمولیت کی ہدایت جاری کریں ،آئین وقانون اجازت ہی نہیں دیتا ہے کہ انہیں کسی اورسیاسی جماعت میں شمولیت کا15 دن کا موقع یا اضافی راستہ دیں، فاضل ججوں نے قراردیا کہ آر اوز اور الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی امیدواروں کو غیر قانونی طور پر آزادامیدوار ڈیکلیئر کیا ، ریٹرننگ افسران اور الیکشن کمیشن کی غلطی کی سزا 39 ارکان کو نہیں دی جا سکتی ،عدالت اس بات کا بالکل نوٹس لے سکتی ہے، باقی41 آزاد ارکان کی حد تک ریکارڈ پر ایسا کچھ نہیں ہے کہ وہ پی ٹی آئی سے تھے،ہم اس بات سے سے متفق نہیں ہیں کہ ممبران اسمبلی 15 روزکے اندر اندر تحریک انصاف میں شامل ہوں، شفاف انتخابات منعقد کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،جو بھی انتخابی امیدوار ہو ،اسے انتخابات کے انعقاد سے قبل اپنی متعلقہ پارٹی کا ٹکٹ ریٹرننگ افسر کو جمع کرانا ہوتا ہے، جو امیدوار اپنی سیاسی جماعت کا ٹکٹ یا ڈیکلریشن جمع نہیں کراتا اسے آزادامیدوار تصور ہوتا ہے، الیکشن کمشن میں ریٹرننگ افسر کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے،وہ انتخابات سے قبل تمام امیدوارں کے نام پارٹی کے انتخابی نشان کے ساتھ آویزاں کرتا ہے،آر او کی جانب سے انتخابی نتائج جاری ہونے کے بعد الیکشن کمیشن انہیں حتمی قرار دیتا ہے ، آئین میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو جاری کرنے کا باقاعدہ ایک طریقہ کار درج ہے ،چیف جسٹس نے اپنے نوٹ میں قراردیا کہ ہم نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت اختیار کرنے والے 80 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا جائزہ لیا ، ان میں سے 41 امیدواروں نے واضح طورپرخود کو آزاد امیدوار قراردیا ، شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 20 دسمبر2023 سے24 دسمبر 2023 تک تھی، کسی بھی امیدواریا پی ٹی آئی کی قیادت نے دعوی ٰنہیں کیا تھا کہ آزاد امیدوار کسی پارٹی کے امیدوار تھے اور نہ ہی ریکارڈ میں کوئی ایسی چیز ہے جوظاہرکرے کہ ان41 امیدواروں کو آزاد امیدواربننے پر مجبورکیا گیاتھا،ریکارڈ پر ایسی بھی کوئی چیز موجود نہیں کہ ان 41 امیدواروں پر کسی قسم کا دبا ئوڈالا گیاتھا ۔