اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے مارچ 2024 سے اسٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے کہاکہ 14 برس بعد پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ میں ایسا تیز اضافہ معاشی ٹیم کی ان تھک محنت کا نتیجہ ہے ، سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے ، مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے 6.9 فیصد پر آگئی۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ سہ ماہی میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر ریکارڈ 8.8 ارب ڈالر پر پہنچ گئیں ،مسلسل دو ماہ سے کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس میں ہے ،بجلی صارفین کے ریلیف کیلئے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فسیلٹی معیشت میں مزید بہتری لے کر آئے گی، پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، اپنی عوام سے عہد کیا تھا کہ لاکھوں قربانیوں سے حاصل کئے اس ملک کو مجرمانہ غفلت برتنے والوں کی نا اہلی کے نتائج کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی، آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے ،پر امید ہوں کہ آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔
وزیر اعظم کی پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد







