انسداد دہشت گردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور کرلی۔ 20 ہزار کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظورکی گئی۔
عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی رہائی کا حکم دے دیا۔ دونوں بہنوں کی رہائی کی رو بکار بھی جاری کی گئی جس کے بعد انہیں رہاکردیاگیا۔
اس سے پہلے بانی پی ٹی آئی کی دونوں بہنوں کی ضمانت ڈی چوک احتجاج کیس میں منظور کی گئی ۔ اے ٹی سی کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے 20، 20 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی۔
پراسیکیوٹر راجا نوید نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے کارکنوں کی قیادت کی تھی اور امن و امان کا مسئلہ پیدا کیا تھا۔
اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے مقدمے میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان 4 اکتوبر سے گرفتار تھیں۔ رو بکار پہنچنے پر دونوں کو جہلم کی جیل سے رہا کیاگیا۔
اڈیالہ جیل کے عملے نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی رہائی کی رُو بہ کار ڈسٹرکٹ جیل انتظامیہ کو پہنچا ئی۔ پی ٹی آئی وکلا کا پینل بھی ڈسٹرکٹ جیل جہلم پہنچا علیمہ خان کے بیٹے شہروز اور بیٹی نورین نیازی بھی پہنچیں، جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکن بڑی تعداد میں موجودتھے، خواتین کارکنوں کو جیل میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔







