بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عدالتی تقسیم،زیادہ مقدمات نئے چیف جسٹس کیلئے چیلنج

اسلام آباد(طارق محمودسمیر )26 ویں آئینی ترمیم کے تحت کی جانے والی عدالتی اصلاحات کے بعد جسٹس یحییٰ آفریدی کو سپریم کورٹ کا نیاچیف جسٹس نامزد کیاگیاجوقاضی فائزعیسیٰ کی ریٹائرمنت کے بعدآج اپنے عہدے کا حلف لے رہے ہیں ، ملکی تاریخ
میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ چیف جسٹس کا انتخاب حکومت اور اپوزیشن کے منتخب ارکان پر مشتمل ایک خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دو تہائی اکثریت کے ساتھ کیا، یہ فیصلہ کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں کیا گیا ، کمیٹی کے اجلاس کا پاکستان تحریک انصاف نے بائیکاٹ کیا تھا اس کا موقف تھا کہ عوامی مینڈیٹ نہ رکھنے والی نامکمل پارلیمنٹ ایسی کمیٹی بنانے کی قانون سازی کی مجاز نہیں تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ اس قانون سازی کے لیے پی ٹی آئی نے مشاورت میں بھرپور حصہ لیا تھا اور چیف جسٹس کے انتخاب کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی کو اپنے ممبران کے نام بھی دیے تھے،ادھروکلاء تنظیموں اور وکلاء برادری کی اکثریت نے یحییٰ آفریدی کی بطورچیف جسٹس نامزدگی کاخیرمقدم کیاہے،وکیل رہنماؤں کاکہنا ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی ایک قابل اور دیانت دار جج ہیں ان کی شخصیت متنازع نہیں ہے ،ان کاکہنا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ ان کا انتخاب کوئی غیر منصفانہ پیش رفت ہے ، تاہم وکلا کے ایک دھڑے کی طرف سے نئے چیف جسٹس کی تقرری کے عمل کو مسترد کرکے اس کے خلاف تحریک چلانے کا اعلان بھی کیاگیا ہے لیکن یہ کہناغلط نہ ہوگاکہ یہ مخالفت خالصتاً سیاسی بنیادو ں پر کی جارہی ہے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے سامنے بھی ان کے پیشرؤں کی طرف سے کئی طرح کے چیلنجز موجود ہیں، جیساکہ عدلیہ کی ساکھ کی بحالی و غیرجانبداری کو یقینی بنانا اور کارکردگی بہتر بنانا ہے، دیکھاجائے تو نئے چیف جسٹس کے لیے ان میں سے سب سے بڑا چیلنج عدالت کو متحد کرنا اور اس کی ساکھ بحالی ہے تاکہ عدالتی فیصلوں پر اعتماد بحال ہو سکے کیونکہ حالیہ عرصے میں سپریم کورٹ کے ججز میںواضح تقسیم نظر آئی جو تشویش ناک امر ہے ، اس سے اعلیٰ عدلیہ کی کارکردگی متاثر ہونے کے علاوہ اس کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے، لہذا قوم توقع کرتی ہے کہ نامزد چیف جسٹس اپنی تین سالہ مدت کے د وران عدلیہ کی ساکھ کی بحالی اور کارکردگی میں بہتری کے لیے نمایاں اقدامات کریں گے، وہ اعلیٰ عدلیہ کی کارکردگی میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ ماتحت عدلیہ میں بھی بہتری کے لیے توجہ مرکوز کریں گے، جہاں انصاف کی فراہمی کے حوالے سے صورت حال دگرگوں ہیں ،ماتحت عدلیہ میں سائلین کو انصاف کے حصول کے لیے آج بھی پاپڑبیلنے پڑتے ہیں، نظام انصاف پر عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے ماتحت عدلیہ میں بنیادی اصلاحات ناگزیر ہیں، امیدہے کہ نامزد چیف جسٹس اس ضمن میں حکومت کی رہنمائی کرتے ہوئے ماتحت عدلیہ کی کارکردگی بہتر بنانے میں کوئی کسراٹھانہ رکھیں گے۔