بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

قاضی فائز عیسیٰ کی مِڈل ٹیمپل میں شمولیت پر پی ٹی آئی کا لندن میں احتجاج کا اعلان

اسلام آباد:قاضی فائز عیسیٰ بطور پاکستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گذشتہ روز ریٹائر ہو چکے ہیں لیکن بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ سیاسی تنازعات ریٹائرمنٹ کے بعد بھی شاید ان کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی فائز عیسیٰ رواں مہینے کی 29 تاریخ کو لندن میں مِڈل ٹیمپل سوسائٹی کی تقریب میں شرکت کریں گے جہاں انھیں دیگر تین شخصیات کے ساتھ مِڈل ٹیمپل اِن میں بطور بینچر شامل کیا جائے گا۔
اس دوران پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) سے منسلک اراکین و کارکنان نے مِڈل ٹیمپل کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پی ٹی آئی سے منسلک معروف سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ اس وقت برطانیہ میں پاکستانیوں کو 29 اکتوبر کو مِڈل ٹیمپل کے باہر احتجاج کرنے کی دعوت دے رہے ہیں۔
مِڈل ٹیمپل کیا ہے؟
گذشتہ روز اپنے الواداعی ریفرنس میں تقریر کے دوران جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی فائز عیسیٰ نے مِڈل ٹیمپل اِن کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے والد نے برطانیہ کے اسی ادارے سے بار کی ڈگری لی تھی اور پھر انھوں نے خود بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مِڈل ٹیمپل سے ہی بار کی ڈگری حاصل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے بھی اسی جگہ (مِڈل ٹیمپل) سے بار کی تعلیم حاصل کی جس کا انتخاب میرے والد نے کیا تھا۔ چار اِنز آف کورٹ ہیں، مِڈل ٹیمپل کا نام کم سُنا جاتا ہے پاکستان میں۔‘
اس موقع پر انھوں نے اپنی بیٹی کا بھی ذکر کیا جو مڈل ٹیمپل سے تعلیم حاصل کرنے والی اس خاندان کی تیسری نسل ہیں۔
جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ میری بیٹی بلوچستان کی وہ پہلی خاتون تھیں جنھوں نے مِڈل ٹیمپل سے بار کی تعلیم حاصل کی ہے۔
لندن میں چار اِنز آف کورٹ ہیں جنھیں انگلینڈ اینڈ ویلز میں بریسٹرز کی پروفیشنل ایسوسی ایشن بھی کہا جاتا ہے۔ ان چار اِنز آف کورٹ میں گریز اِن، لنکنز اِن، اِننر ٹیمپل اور مِڈل ٹیمپل شامل ہیں۔
مِڈل ٹیمپل کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق یہ ’دنیا میں قانونی تعلیم کے سب سے اہم اداروں میں سے ایک ہے۔‘
بینچر کیا ہوتا ہے؟
مِڈل ٹیمپل اِن میں جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی فائز عیسیٰ کو بطور بینچر شامل کیا جا رہا ہے۔
مِڈل ٹیمپل کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق بینچرز کو ماسٹرز آف بینچ بھی کہا جاتا ہے جو کہ اِن کی گورننس کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔
ماسٹرز یا بینچرز کو ان کے ساتھی ہی منتخب کرتے ہیں۔
مِڈل ٹیمپل کی بینچ میں شامل بینچرز کی اکثریت اس وقت دنیا بھر میں اعلیٰ عدلیہ کے کلیدی عہدوں پر فائز ہے۔
پی ٹی آئی سے منسلک افراد اس وقت سوشل میڈیا پر 29 اکتوبر کو مِڈل ٹیمپل کے باہر چیف جسٹس (ریٹائرڈ) قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج کی مہم چلا رہے ہیں۔
اظہر مشوانی پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے معروف اراکین میں سے ایک ہیں۔ وہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ڈیجیٹل میڈیا ترجمان بھی رہے ہیں۔
انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی ایک ٹویٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ ’قاضی فائز عیسیٰ نے جمہوریت کے خلاف کام کیا اور پاکستان میں غیر جمہوری قوتوں کی معاونت کی۔‘
برطانیہ میں پی ٹی آئی سے منسلک صاحبزادہ جہانگیر بھی اپنی ایک پوسٹ میں برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں اور اپنی جماعت کے کارکنان سے کہا ہے کہ وہ مِڈل ٹیمپل کے باہر 29 اکتوبر کو احتجاج کے لیے جمع ہوں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برطانیہ میں مقیم رہنما زُلفی بخاری نے اس بارے میں کہنا تھا کہ ’نقطہ یہ نہیں ہے کہ وہ (بطور چیف جسٹس) کام کر رہے ہیں یا نہیں۔ نقطہ ان کی میراث اور وہ غیرقانونی فیصلے ہیں جو انھوں نے اپنے کریئر کے اختتام پر دیے۔‘
زُلفی بخاری نے الزام لگایا کہ ’انھوں نے اپنا کریئر ایک بدنام شخصیت کے طور پر ختم کیا ہے اور پاکستان میں ان سے نفرت کی جاتی ہے۔‘
انھوں نے مِڈل ٹیمپل کے باہر ہونے والے احتجاج کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانیوں کو پُرامن طریقے سے اپنے احساسات کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے۔‘
جہاں ایک جانب پی ٹی آئی قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف مہم چلاتی نظر آ رہی ہے تو دوسری طرف پاکستان میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) سابق چیف جسٹس کو ’آئین پاکستان کا محافظ‘ قرار دے رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر کچھ صارفین ایسے بھی ہیں جو کہ سابق چیف جسٹس کی مِڈل ٹیمپل میں بطور بینچر شمولیت کو ایک ’اعزاز‘ قرار دے رہے ہیں۔