بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

چیف جسٹس کا حلف،گنڈاپورکی شرکت، سب حیران

اسلام آباد(طار ق محمود سمیر) نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہبازشریف ،مسلح افواج کے سربراہان ،وفاقی وزراء، سپیکر ، چیئرمین سینیٹ ، گورنرز، وزرائے اعلیٰ کے علاوہ جسٹس منصور علی شاہ گروپ کے
پانچ ججز اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا کی شرکت خصوصی اہمیت اختیارکرگئی ۔حلف اٹھانے کے فوری بعد پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت چیف جسٹس نے پہلا حکم جاری کرتے ہوئے ججزکمیٹی کی تشکیل نو کردی ہے اور اپنی غیر جانبداری ثابت کرتے ہوئے کمیٹی میں دو سینئر ججز جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اخترکو بھی شامل کر لیا ہے۔ایوان صدر میں ہونے والی یہ تقریب کئی حوالوں سے اہمیت کی حامل تھی جس میں سابق چیف جسٹس صاحبان ، سپریم کورٹ کے وہ پانچ ججز جنہوں نے گزشتہ روز سبکدوش ہونے والے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے اعزازمیں فل کورٹ ریفرنس کا بائیکاٹ کردیا تھا تاہم آج نئے چیف جسٹس کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرکے اچھا فیصلہ کیا ، ان ججز میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس شاہد وحید، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس ملک شہزاد احمد شامل ہیں جبکہ جسٹس منصورعلی شاہ عمرے کی ادائیگی کے سلسلے میں سعودی عرب میں ہیں ۔ تقریب میں شرکاء اس وقت حیرت زدہ رہ گئے جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پہنچے تو یہ قیاس آرائیاں اور تبصرے شروع ہوگئے کہ یہ وہی سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے چند روز قبل اعلان کیا تھا کہ اگر جسٹس منصور علی شاہ کو چیف جسٹس نہ بنایا گیا تو تحریک انصاف احتجاجی تحریک چلائے گی اور پورے پاکستان کو بندکردیا جائے گا تاہم جب وزیراعلیٰ سے یہ پوچھا گیا کہ تو ان کا کہنا تھا کہ جب جسٹس منصور علی شاہ نے نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی کو تسلیم کر لیا ہے تو پھر پی ٹی آئی کا احتجاج نہیں بنتا اور اسی لئے میں شریک ہوا ہوں ۔گنڈا پور نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ بشریٰ بی بی کے بعد اب عمران خان کو اڈیالہ جیل سے نکلوانے کیلئے پورا زور لگائیں گے اور جیل سے نکال کرانہیں پشاور لے جائیںگے ۔وزیراعلیٰ کی تقریب میں شرکت اس بات کا واضح عندیہ ہے کہ تحریک انصاف نے کم ازکم نئے چیف جسٹس کے معاملے میں تحریک چلانے کے فیصلے کو واپس لے لیا ہے اور جہاں تک سینیٹر حامد خان کی طرف سے وکلاء تحریک چلانے کا تعلق ہے توگنڈا پور کے اس اعلان کے بعد پی ٹی آئی کے حامی وکلاء کی تحریک میں بھی کوئی جان نہیں پڑے گی کیونکہ تحریک کوکامیاب بنانے کیلئے حامد خان نے گنڈا پور سے جو توقعات وابستہ کر رکھی تھیں اب اس میں انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی موجود تھیں اور وہ توجہ کا مرکز بنی رہیں ، نہ انہوں نے وزیراعلیٰ گنڈا پور کی طرف دیکھا اور نہ ہی گنڈا پور نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ہیلو ہائے کرنے کی کوشش کی، مریم نواز نے البتہ روزنامہ ممتاز سے بات چیت کرتے ہوئے گنڈا پورکا نام لئے بغیرکہا کہ کل تک جوکہتا تھا کہ نئے چیف جسٹس کو تسلیم نہیں کریںگے اور تحریک چلائیں گے آج وہ خود تقریب حلف برداری میں شریک ہے۔ایوان صدر میں اس تقریب کے بعد صدر اور وزیراعظم کی ایک ملاقات بھی ہوئی ۔