اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء کا دن تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، جب بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف اپنی فوجیں جموں و کشمیر میں اتار کر غیر قانونی طور پر قبضہ کیا۔ وفاقی وزیر نے بھارتی قابض حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فاشسٹ حکومت کے جبر کے باوجود کشمیری عوام اپنی آزادی کے لیے بے باک اور غیرت مند جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے کو کشمیری عوام کبھی تسلیم نہیں کریں گے اور پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا مضبوط حامی رہے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ موقف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کشمیر کاز کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم اور تنازعہ کے منصفانہ و پرامن حل کی خواہش کا بھرپور اظہار ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دنیا میں کشمیریوں کے جائز مقصد کی وکالت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد قابل قبول حل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری ہے۔ بھارت کی جانب سے کشمیر کی قانونی حیثیت ختم کرنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کے لیے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے اقدامات اٹھائے۔
عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ کشمیری عوام اپنی منزل مقصود تک ضرور پہنچیں گے اور آزادی کا خواب تعبیر پائے گا۔







