شکاگو(انٹرنیشنل ڈیسک)شکاگو میں پاکستان کے قونصل خانے کی جانب سے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جبر اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ تقریب میں قونصل جنرل طارق کریم، ایسٹ ویسٹ یونیورسٹی کے چانسلر ڈاکٹر وصی اللہ خان، کشمیری ایکٹوسٹ ڈاکٹر ایمائل انجوم اور ڈاکٹر مرتضیٰ نے جموں و کشمیر کے تنازعہ کے مختلف پہلوؤں پر خطاب کیا۔
تقریب میں امریکی سینیٹر ریچل وینٹورا کا پیغام پڑھا گیا جس میں انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے IIOJK میں انصاف کی فراہمی اور جبر کے خاتمے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
قونصل جنرل طارق کریم نے 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج کے جموں و کشمیر پر قبضے کو جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کے حقوق کی خلاف ورزیوں کو عالمی برادری کو فوری حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی کوششوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے آغاز میں قونصل خانے میں تین روزہ فوٹوگرافی نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر کی جدوجہد اور وہاں کے کشیدہ حالات کو اجاگر کرنے والی تصاویر پیش کی گئیں۔







